
بہاولپور (پ ر) چانسلر و گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ گورنر پنجاب نے جامعہ کے نوتعمیر شدہ ارفع کریم اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا اور اس کی جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تعلیمی ترقی کے حوالے سے جامعہ کی کوششوں کو سراہا اور طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے پر انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ارفع کریم بلاک نہ صرف پاکستان کی ایک باصلاحیت بیٹی کو خراجِ تحسین ہے بلکہ ٹیکنالوجی، علم اور خواتین کی قیادت کی علامت بھی ہے۔ گورنر پنجاب نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ ارفع کریم کی طرح محنت، لگن اور وژن کے ساتھ آگے بڑھیں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ خواتین کی اعلیٰ تعلیم ہماری ترجیح ہے اور دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی اس حوالے سے ایک رول ماڈل ادارے کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ طالبات دلجمعی سے محنت کریں اور اپنی تعلیمی صلاحیتوں کے ذریعے ملک و ملت کے کام آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جو مستقبل میں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ایک ویژنری وائس چانسلر ہیں، ان کی سربراہی میں یہ مثالی جامعہ بین الاقوامی سطح پر اپنی کارکردگی ثابت کرے گی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے استقبالیہ پیش کیا اور گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کی تدریسی، تحقیقی اور تعمیراتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جامعہ کی ترقی کے لیے مسلسل تعاون پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار بھارا وائس چانسلر یونیورسٹی آف سدرن پنجاب، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر، حسن اقبال ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور، حافظ حسین احمد مدنی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی اور سیاسی، سماجی، علمی و صحافتی شخصیات اور مشاہیر شہر سمیت یونیورسٹی اساتذہ کرام، انتظامیہ، طلبہ و طالبات، اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ آخر میں معزز مہمان گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے یونیورسٹی کی جانب سے یادگاری سوینئر بھی پیش کیا۔

