پاک چین زرعی تحقیقی تعاون میں اہم پیش رفت، چینی اکیڈمی اور پانچ پاکستانی جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط…….پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی معاونت سے زرعی تحقیق، فصلوں کی نئی اقسام کی تیاری، بین الفصلاتی کاشت اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے؛ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پاکستان کی مرکزی جامعہ ہوگی۔
لاہور: پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت چین کی گانسو اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز (GAAS) اور پاکستان کی پانچ ممتاز جامعات کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس تعاون میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن (PHEC) نے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان (ہلالِ امتیاز، ستارۂ امتیاز) کی قیادت میں اہم کردار ادا کیا۔معاہدے کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور (IUB) پاکستان کی مرکزی جامعہ کے طور پر خدمات انجام دے گی، جبکہ یونیورسٹی میں قائم نیشنل ریسرچ سینٹر آف انٹرکراپنگ (NRCI) مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کی قیادت اور رابطہ کاری کرے گا۔
اس اشتراک کے تحت دونوں ممالک کے ادارے مشترکہ زرعی تحقیق، فصلوں کی نئی اقسام کی تیاری، بین الفصلاتی کاشت کے جدید طریقوں، زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار زراعت کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔یہ معاہدہ پاکستان اور چین کے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ زرعی شعبے میں تحقیق پر مبنی ترقی، جدید سائنسی طریقوں کے فروغ اور باہمی علمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت اس اقدام کو بین الاقوامی تعلیمی روابط کے فروغ اور پاکستان میں زرعی تحقیق کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔