مدرد مجلسِ شوریٰ لاہور کے زیرِ اہتمام ’’معصوم بچے اور سائبر کرائم کا بڑھتا ہوا خطرہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں ماہرین نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا اور موبائل فون کے غیر محتاط استعمال کے باعث بچوں اور نوجوانوں کو سنگین اخلاقی، سماجی اور قانونی خطرات کا سامنا ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ اس کے ممکنہ خطرات سے آگاہی بھی ناگزیر ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے کہا کہ چائلڈ پورنوگرافی ایک سنگین جرم ہے، جس پر 20سال تک سزا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ایسے دس لاکھ پاکستانی موبائل صارفین کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے فونز میں فحش مواد موجود ہونے کا شبہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خواتین کو ہراساں کرنے، کسی کی تذلیل کرنے، سائبر بُلنگ اور آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مقررین نے کہا کہ عوام کو پیکا (PECA) ایکٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے ڈیجیٹل حقوق، ذمہ داریوں اور قانونی حدود سے آگاہ رہیں۔ آن لائن مالیاتی فراڈ، جعلی آن لائن شاپنگ، سائبر گرومنگ اور دیگر ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے مجوزہ قانونی اقدامات اور عمر کی پابندیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اسپیشل سیکرٹری محترمہ زینب خان، ڈی آئی جی ایڈمن جناب عمران کشور، چیف ایگزیکٹو آفیسر چیرٹی کمیشن کرنل شہزاد عامر اور NCCIA کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر سمیت دیگر مقررین نے شرکت کی ،
ہمدرد شوریٰ میں اسپیکر کے فرائض پروفیسر میاں ڈاکٹرمحمد اکرم نے نبھائے جبکہ ڈپٹی اسپیکر قیوم نظامی کے علاوہ جناب رانا امیر احمد خان ، پروفیسر نصیر احمد چوہدری، جناب انجم نثار صدیقی ،جناب حکیم راحت نسیم ،جناب کاشف ادیب جاویدانی ،محترمہ سیدہ فرح ہاشمی، محترمہ خالدہ جمیل چوہدری ،جناب ڈاکٹر شفیق جالندھری ،جناب ڈاکٹر پروفیسر خالد محمود عطا کے علاوہ مبصرین میں جناب ڈاکٹر مصطفی کمال،
جناب انجینئرمحمد آصف ،جناب خالد اعجاز مفتی، محترمہ ڈاکٹر پروین اےخان، جناب شاہد قادر ،جناب محمد پروفیسر خالد پراچہ اور محمد نصیر الحق ہاشمی سمیت دیگر نے شرکت کی۔مقررین نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ بچوں کو موبائل فون اور سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے دور کرکے کھیلوں، مطالعاتی سرگرمیوں، مثبت مشاغل اور صحت مند تفریح کی جانب راغب کیا جائے۔ تعلیمی اداروں، والدین، سماجی تنظیموں اور حکومتی اداروں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کو ڈیجیٹل جرائم اور اخلاقی بگاڑ سے محفوظ رکھتے ہوئے ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سائبر کرائم کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی، والدین کی رہنمائی اور بچوں کی مثبت تربیت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔