اوکاڑہ یونیورسٹی کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے اساتذہ اور انتظامی اسٹاف کے پہلے اجلاس سے بات کرتے ہوئے جامعہ کے تمام معاملات کو مکمل میرٹ اور اجتماعی فیصلہ سازی کی بنیاد پہ چلانے کے عزم کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ عہد بھی کیا کہ وہ فیکلٹی اور اسٹاف کے مسائل کے حل، یونیورسٹی کے انفرااسٹکچر کی تعمیراور ڈگری پروگرامز کو جدید دنیا کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کےلیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
اپنی بات کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ فی الحال یونیورسٹی کے فیصلہ سازوں اور اسٹیک ہولڈرز کے مابین ایک خلیج پائی جاتی ہے جس کو پر کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ سارے مل کر ادارے کی تعمیر و ترقی کےلیے کام کر سکیں۔ انہوں نے اساتذہ اور طلباء کےکیرئیرز کی ترقی کےلیے یونیورسٹی اور انڈسڑی کے مابین اشتراک قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جامعات کا اصل مقصد معاشرے کے مختلف اداروں کے ساتھ تعاون اور اشتراک سے مسائل کا حل پیش کرنا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کہ کہ وہ کلاسز کے باقاعدہ انعقاد، تدریس کے معیار کو بہتر بنانے اور طلباء کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اجتماعی اور جمہوری فیصلہ سازی کے عزم کے تحت انہوں نے اعلان کیا کہ وائس چانسلر آفس کے باہر اساتذہ اور طلباء کی شکایات سننے کےلیے کمپلینٹ باکسز لگائے جائیں گے تاکہ انتظامیہ تک ہر کسی کی رسائی آسان کی جا سکے۔
پروفیسر سجاد مبین نے فیکلٹی آف انجینئرنگ قائم کرنے کا اعلان کیا جس کے تحت مختلف ڈگری پروگرامز جیساکہ آرکیٹیکچر، سٹی اینڈٹاون پلاننگ اور انوائرنمنٹل انجینئرنگ چلائے جائیں گے۔
وی سی نے یونیورسٹی کی باونڈری وال، گرلز ہوسٹل ، فیکلٹی کےلیے رہائشیں، بیچلر ہوسٹل اور کشادہ کلاس رومز کی تعمیر کا بھی عندیہ دیا۔ انہوں نے سنڈیکیٹ اور دیگر پالیسی ساز فورمز پہ اساتذہ کو نمائندگی دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ہم نصابی سرگرمیوں جیسا کہ اسپورٹس گالا اور فیملی گالا کا باقاعدگی سے اہتمام کیا جاتا رہے گا۔
طلباء کو جاب مارکیٹ کی عملی تربیت فراہم کرنے کےلیے انہوں نے یونیورسٹی میں ایک سکلز ڈیویلپمنٹ سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا اور اساتذہ کو ہدایت کی وہ طلباء میں کاروباری صلاحیتیں اجاگر کرنےکےلیے کام کریں۔
پروفیسر سجاد مبین نے یتیم بچوں کے مفت تعلیم اور تمام پروگرامز میں اقلیتی کوٹہ متعارف کرانے کا بھی عندیہ دیا۔ آخر میں انہوں نے اساتذہ کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کےلیے ہدایات جاری کیں۔
اوکاڑہ یونیورسٹی کے وی سی کا میرٹ اور اجتماعی فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کا عزم
32