نوجوانوں کو ہنرمند اور معاشی طور پر خودمختار بنانا وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مقصد ہے، رانا مشہود……یو ای ٹی کو ہر قسم کے بحران سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا، اب ترقی کی مزید منازل طے کریں گے، ڈاکٹر شاہد منیر
یکم اکتوبر 2026
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور گرین یوتھ موومنٹ کے اشتراک سے گرینویٹ قابلِ تجدید توانائی چیلنج 2026 کے سلسلے میں ایک روزہ علاقائی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں قابلِ تجدید توانائی، نوجوانوں کی اختراعی صلاحیتوں، جدید ٹیکنالوجی، کاروباری مواقع اور پائیدار مستقبل کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔ کانفرنس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام، ہائر ایجوکیشن کمیشن، یونیسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان، ماہرین، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اور اس کے مختلف منصوبوں کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو ہنرمند، معاشی طور پر خودمختار اور جدید ڈیجیٹل و تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں بلکہ ملکی معیشت اور ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں تعلیم، ہنرمندی، کاروبار، ٹیکنالوجی اور روزگار کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر رہی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کا مقصد ملک کے تمام صوبوں، شہروں اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو یکساں معاشی مواقع فراہم کرنا اور انہیں پیداواری روزگار سے منسلک کرنا ہے۔ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار اور زراعت کے لیے مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شرکت بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس ادارے کو ہر قسم کے بحران سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے اور اب اسے ترقی کی مزید منازل تک لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی میں تقریباً 25 ہزار طلبہ کا زیرِ تعلیم ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ والدین اور طلبہ کا اس تاریخی ادارے پر اعتماد قائم ہے۔
ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یو ای ٹی کے فارغ التحصیل طلبہ پاکستان اور دنیا بھر میں مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور یونیورسٹی کا یہ عالمی سطح پر پھیلا ہوا ایلومنائی نیٹ ورک ادارے کا قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی کا مقصد نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تحقیق، جدت، صنعت، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
وائس چانسلر نے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں طلبہ کی دلچسپی اور اختراعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور انہیں مناسب مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کرکے ملک کے لیے نئی راہیں ہموار کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرین ٹیکنالوجی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں جامعات، صنعت اور حکومت کے باہمی تعاون سے مستقبل کے لیے مؤثر اور پائیدار حل تلاش کیے جاسکتے ہیں۔