:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ خطے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے صاف پانی،خوشگوار ماحول اور جنگلات کے پھیلاؤ کے لئے زیادہ سے زیادہ در خت لگانے ہوں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پانی کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینارسے الرازی ہال میں خطاب کر رہے تھے۔ بعد ازاں شرکاء نے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود کی قیادت میں انڈرگرایجوئیٹ بلاک سے ایڈمن بلاک گراؤنڈ تک آگاہی واک میں شرکت کی اور اپنے اپنے نام کے پودے لگا کرپنجاب یونیورسٹی میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر صحت ڈاکٹر سعید الٰہی، ممبر صوبائی اسمبلی زیب النساء، ناصر بھولو، کنوینئر شجر کاری مہم /ڈین فیکلٹی آف جیوسائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد،شعبہ جات کے سربراہان، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، ملازمین اور طلباوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز صاحبہ کی ماحول دوست پالیسیوں اور ہدایات کی روشنی میں پنجاب یونیورسٹی کے متعدد شعبہ جات میں ہفتہ ماحولیات بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خوشگوار ماحول اور مہذب معاشرے کی تشکیل کے لئے آگہی پرگراموں کے انعقاد کی ذمہ داری جامعات پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں صاف پانی اور درختوں کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے منعقدہ پروگرام سے دنیا بھرمیں میسج پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا درجہ حرارت درختوں اور سبزے کی وجہ سے 2ڈگری کم رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام حالیہ دنوں میں کئی سال بعد انوینشن ٹو انوویشن سمٹ اور کتاب میلے کی کامیابی کے بعد لوگوں کی توقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ گندے پانی کے استعمال سے ہیضہ کی وبا پھیلنے کا اندیشہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں 3ارب سے زائد لوگ صاف پانی سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جن کا زیر زمین پانی صاف ہے اور کسی فلٹر کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہاکہ لاہور سے سموگ اور ہوائی آلودگی میں کمی کیلئے شجر کاری مہم کو کامیاب بنانا ہوگا۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے صاف پانی اور درخت ضروری ہیں، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود
30