
چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہاہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے طلباء میں انٹرنپنیورشپ کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کیریئرکونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام فوجی فرٹیلائیزر کمپنی(لمیٹیڈ) کے اشتراک سے شعبہ انجینئرنگ اور کیمسٹری کے طلباؤ طالبات کیلئے منعقدہ ریکروٹمنٹ ڈرائیو کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرسابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) مقصود احمد،وائس چانسلر لاہور لیڈز یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم بھٹی، ڈائریکٹر کیریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری،فوجی فرٹیلائیزر کمپنی کے نمائندگان، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹرشاہد منیر نے کہا کہ ملک کو اس وقت ماحولیات، بڑھتی آبادی اور معیشت سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے تعلیمی اداروں میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی پیداوار ضروری ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد نے کہا کہ اکیسویں صدی کے تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق گرایجوئیٹس کی فراہمی کیلئے تعلیمی اداروں میں ایسی تقاریب کا انعقاد خوش آئندہے۔ ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے پنجاب یونیورسٹی کے طلباؤ طالبات کو انٹرویوسکلزاور سی وی بنانے کے طریقوں سے روشناس کرایا۔انہوں نے کہا کہ کیریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ سنٹر کی کاوشوں سے اکیڈیمیا اور انڈسٹریزکے مابین روابط کو فروغ دینے کیلئے پنجاب یونیورسٹی کے 135شعبوں میں کیرئیر کونسلنگ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے تقریب کیلئے تعاون پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کاشکریہ ادا کیا۔ ریکروٹمنٹ ڈرایؤ میں کیمیکل، الیکٹریکل اور کیمسٹری کے 200سے زائد طلباء کے انٹرویوز کئے گئے۔