پنجاب یونیورسٹی سینٹر آف ایکسیلینس اِن مالیکیولر بائیولوجی (کیمب) لاہورنے پاکستان میں زرعی جدت کو فروغ دینے کے لیے تحقیق و ترقی کے دو اہم معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے دستخط کیے۔پہلا معاہدہ بہتر کپاس کی اقسام کی تیاری سے متعلق ہے، جو ڈاکٹر محمد ادریس خان، سیکریٹری پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی، ہیڈکوارٹرز اور ڈاکٹر صباحت حسین، ڈائریکٹر سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ملتان کے ساتھ طے پایا۔ اس اشتراکِ عمل سے جدید تحقیق اور افزائشی حکمتِ عملیوں کے ذریعے کپاس کی پیداوار میں بہتری اور قومی کاٹن سیکٹر کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔دوسرا معاہدہ ڈاکٹر جلال ادریس، سی ای او جین ٹیک لینڈز کے ساتھ طے پایا، جس کے تحت جدید حیاتیاتی تکنیکوں کو استعمال کرتے ہوئے بالخصوص کپاس اور مکئی کی ہائبرڈ فصلوں کی اقسام تیار کی جائیں گی۔اس موقع پرڈائریکٹر کیمب پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمان، پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ رشید، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیم راؤ، ڈاکٹر اللہ بخش اور مسٹر محمداعجاز نے شرکت کی۔ یہ معاہدے اکیڈیمیا اور صنعت کے مابین تعاون کے فروغ اور پاکستان میں پائیدار زرعی ترقی کی جانب اہم قدم ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے شاہد جاوید برکی انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی (بی آئی پی پی) کے مابین جامعہ میں شمسی توانائی کا نظام نصب کرنے اور طلبہ کے لیے وظائف کی فراہمی کے حوالے سے معاہدہ

پنجاب یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے شاہد جاوید برکی انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی (بی آئی پی پی) کے مابین جامعہ میں شمسی توانائی کا نظام نصب کرنے اور طلبہ کے لیے وظائف کی فراہمی کے حوالے سے معاہدہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر آفس، پنجاب یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، چیئرمین بی آئی پی پی مسٹر شاہد جاوید برکی، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حافظ انوار اصغر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ معاہدے کے تحت بی آئی پی پی پنجاب یونیورسٹی میں شمسی توانائی کا نظام نصب کرنے کے لیے 40 ہزار امریکی ڈالر عطیہ کرے گا، نیٹ میٹرنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی بچت کو شاہد جاوید برکی (ایس جے بی) سکالرشپ فنڈ کے تحت 25 سالہ مدت کے لیے وظائف کی فراہمی میں استعمال کیا جائے گا، جس سے مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ مستفید ہوں گے۔پنجاب یونیورسٹی منصوبے کے شفاف نفاذ کو یقینی بنائے گی، وظائف حاصل کرنے والے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی سے متعلق رپورٹس باقاعدگی سے بی آئی پی پی کو فراہم کرے گی اور یونیورسٹی کی ڈونر وال پر اعتراف کے ذریعے ادارہ جاتی سطح پر شکریہ ادا کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ یہ معاہدہ یونیورسٹی میں پائیدار شمسی توانائی کے حل کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب یونیورسٹی صاف اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے لیے ایک سرسبز اور پائیدار مستقبل کی تشکیل میں شاہد جاوید برکی انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی کی خدمات کو سراہا۔یہ اشتراک دونوں اداروں کے مابین پائیدار توانائی کے منصوبوں اور تعلیمی ترقی کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔