کیو ایس ورلڈ رینکنگ میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔یو ای ٹی نے ایشیا کے بعد دنیا بھر کی انجینئرنگ یونیورسٹیز میں بھی اپنی نمایاں پوزیشن حاصل کر لی۔کیو ایس یونیورسٹیز کی عالمی درجہ بندی میں انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں یو ای ٹی کو دنیا کی 236 بہترین جامعات میں شامل کرلیاگیا ہے، جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔گزشتہ تین برسوں سے یو ای ٹی کی عالمی رینکنگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ 2023 میں یو ای ٹی 279ویں نمبر پر تھی، 2024 میں 250ویں اور رواں برس 236ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
وائس چانسلریو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر نے اس کامیابی پر فیکلٹی، انتظامیہ اور طلبا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ”یہ یو ای ٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ہمارے اساتذہ، انتظامی آفیسرز اور طلبا نے مل کر اس کامیابی کو ممکن بنایا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یو ای ٹی ترقی کی راہوں پر اسی طرح گامزن رہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال یو ای ٹی کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری اور اونچا مقام حاصل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔یو ای ٹی لاہور کی ترقی کی یہ خبریں یقیناً خوش آئند ہیں جو نا صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر ایک سرکردہ ادارے کے طور پر اس کی ساکھ کو مستحکم کرتاہے۔