پاکستان کونسل آف آرکیٹیکس اینڈ ٹاؤن پلانرز (PCATP)نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو بیچلر آف آرکیٹیکچر 5سالہ پروگرام کے آغاز کی اجازت دے دی ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی اجازت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام ڈیپارٹمنٹ آف آرکیٹیکچر فیکلٹی آف انجینئرنگ میں شروع کیا جائے گا۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے طلباء وطالبات اور تعلیمی و سماجی حلقے اس پروفیشنل پروگرام کے آغاز کے لیے بہت عرصے سے خواہش مند تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اور جام ایاز محمود چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف آرکیٹیکچر نے اس سلسلے میں بھرپور محنت سے کام کیا اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور خطے کی پہلی یونیورسٹی بن چکی ہے جہاں پر بیچلر آف آرکیٹیکچر5سالہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے آغاز سے ایک طرف تو اس فیلڈ میں موجود خلا پُر ہو گیا ہے اور دوسری جانب جنوبی پنجاب اور بہاول پور کے تعمیراتی ورثے کو بھی محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھاوا ملے گا۔ دریں اثناء پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل رجسٹرار، جام ایاز محمود اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبوب سے ملاقات کی اور بیچلر آف آرکیٹیکچر کے لیے خصوصی اجازت نامہ اور رہنمائی و سرپرستی پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ فیکلٹی آف انجینئرنگ نے اس پروگرام کے آغاز سے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک اور اعزاز کی حامل ہوکر خطے کی دیگر جامعات سے منفرد اور ممتاز ہوگئی ہے۔
……2……..
میر سید جمال احمدصدر انجمن تاجران شاہی بازار بہاول پور و جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن تاجران بہاول پور نے اپنے ایک ویڈیو پیغا م میں کہا ہے کہ بہاو ل پورکے تاجر اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ شہر میں تعلیمی اداروں کی ترقی سے شہر ترقی کرے گا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ترقی و توسیع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کی تعداد میں اضافے سے ہمارے تاجروں کو بہت فائدہ ہواہے۔ یونیورسٹی میں طلباء وطالبات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور یہ تعداد 65000ہو گئی ہے جس سے شہرمیں روزگار کے نئے مواقع میسر ہوئے ہیں اور چھوٹے اور درمیانے کاروبار میں تیزی آئی ہے۔ طلباء وطالبات شہر کی مارکیٹ میں خریداری کے لیے آتے ہیں جس سے شہر میں معاشی ترقی ہو رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے انفراسٹرکچر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں بہت سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جس سے شہر کے مقامی لوگوں کو روزگار میسر ہو ا ہے۔ یونیورسٹی میں فیکلٹیوں کی تعداد 8سے بڑھ کر 16ہو گئی ہیں جس سے اس خطے کے پڑھے لکھے افراد کو روزگار ملا ہے۔ یونیورسٹی خطہ بہاول پور میں معاشی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اپنی ترقی و توسیع کی پالیسی کو مزیدجاری رکھیں اور وہ اسی طرح یونیورسٹی کے لیے کام کرتے رہیں۔