یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ نے اپنے 205ویں اجلاس میں ڈاکٹر رضوانہ حسین کو فزیالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی منظوری دی ہے۔ ان کے مقالے کا عنوان “اوورین کینسر اور صحت مند خواتین میں PI3K/AKT/mTOR کیسکیڈ اور متعلقہ مائیکرو آر این ایز کے نسبتی اظہار کا موازنہ” تھا۔ یہ تحقیق ڈاکٹر صبا خالق کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔ تحقیق میں اوورین کینسر کی مریضوں اور صحت مند خواتین کے درمیان اہم سگنلنگ راستوں اور مائیکرو آر این ایز کے فرق کا جائزہ لیا گیا، جس سے کینسر کی وجوہات، اس کے میکانزم اور ممکنہ علاج کے طریقوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل ہوئیں۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر امبر سلمان کو اناٹومی کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی منظوری دی گئی۔ان کا مقالہ “کارٹیلیجنس اینڈ پلیٹ میں تبدیلیاں اور ان کا ہڈی کے اینڈ پلیٹ جنکشن اور ساتھ موجود ڈسک سے تعلق: ایک ریڈیالوجیکل، میکروسکوپک، مائیکروسکوپک اور الٹرا مائیکروسٹرکچرل مطالعہ” کے عنوان سے ہے۔ یہ مطالعہ ریڑھ کی ہڈی کے مہرے اور ان کے درمیان موجود ڈسکس کے الیکٹران مائیکروسکوپی جائزے پر مبنی ہے۔ یہ تحقیق ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کے بہتر علاج اور پیش بینی میں مددگار ثابت ہوگی۔ ڈاکٹر امبر سلمان کی سپروائزر یو ایچ ایس اناٹومی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر عروج زہرہ تھیں۔