یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن نے صدر ڈاکٹرمحمد شعیب کی قیادت میں وائس چانسلر ڈاکٹرشاہد منیر سے ملاقات کی۔ٹی ایس اے نے یونیورسٹی اساتذہ اور ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد اضافے پر وائس چانسلر کاشکریہ ادا کیااور یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے پر انکی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات کے دوران ٹی ایس اے قائدین نے وائس چانسلر کیساتھ مکمل یکجہتی اور ساتھ دینے کا اعلان کیااور امید ظاہر کی کہ وائس چانسلر یونیورسٹی کی فلاح و بہبودکیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھیں گے ۔ڈاکٹر شاہد منیر نے یقین دہانی کرائی اگر یونیورسٹی کے مالی حالات بہتر ہوئے تو ملازمین کو انکے بقایا واجبات بھی جلد ادا کردیے جائیں گے۔ڈاکٹر شاہد منیر نے ٹی ایس اے کے وفد کو بتایا کہ گزشتہ روز ہونیوالی سینڈیکیٹ کے اجلاس میں ٹی ٹی ایس اساتذہ کی ترقی کی منظوری دی گئی،کچھ ملازمین اور اساتذہ کو سروس سے معطل کیا گیا،کچھ ملازمین کے خلاف شوکازنوٹس جاری کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ اکیڈمک کونسل کے تمام فیصلوں اور نئے پروگرام کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ سینڈیکیٹ نے کالجز الحاق کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری بھی دی۔اسی طرح ریسرچ پراڈکٹویٹی ایوارڈ کے اعلان کی منظوری بھی دے دی گئی،اسکے علاوہ ارکان سینڈیکیٹ نے کیو ایس رینکنگ میں یو ای ٹی کو 205ویں پوزیشن حاصل کرنے پروائس چانسلر اور انکی ٹیم کو سراہا۔اسی طرح ممبر سینڈیکیٹ جسٹس باقر نجفی کو سپریم کورٹ کے جج کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور انکی خدمات کو بھی سراہا۔ وفد میں ڈاکٹر تنویرقاسم ،احمد نوید، ڈاکٹر راشد جلیل، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر اویس، ڈاکٹر رضوانہ، ڈاکٹر ہدی ، ڈاکٹر شمائلہ ڈاکٹر عرفان جلیس شامل تھے
۔۔۔۔۔۔۔2۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کورین سفیر کی قیادت میں وفدا کا یو ای ٹی لاہور کا دورہ،۔۔۔۔۔۔۔۔۔پی ایچ ای سی افسران کے ہمراہ وی سی سے ملاقات۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ تدریسی اداروں کے مابین دو طرفہ تعلقات قائم کروانے میں سفارت خانہ معاون ثابت ہو گا: کورین سفیر
کورین سفیر کی قیادت میں وفد نے پی ایچ ای سے افسران کے ہمراہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ کیااور وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیرسے ملاقات کی۔پاکستان اور کوریاکے مابین مضبوط، نتیجہ خیز اور بلاتعطل دوطرفہ تعلقات دونوں ممالک میں تدریسی روابط کو ترویج دینے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔ یہ بات کورین سفیر نے ڈاکٹر شاہد منیر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے بتایا کہ یو ای ٹی بین الاقوامی شہرت کی حامل ہے اسی وجہ سے یہاں مختلف ممالک سے طلبہ زیر تعلیم ہیں اور انکو بہترین تعلیم و تربیت دینے کی غرض سے ملکی اور غیر ملکی اداروں سے روابط قائم رکھے ہوئے ہیں تاکہ تکنیکی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آپس میں اساتذہ اور طلبہ کے تبادلے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبہ جات میں باہم تحقیق کو فروغ دینے کیلئے معاہد ہ کی گنجائش موجود ہے جس سے یقینی طور پر دو طرفہ تعلقات کو واضح مقصدیت حاصل ہو سکے گی۔ اس دوران وفدنے کہا کہ کوریامیں انجینئرنگ کے شعبہ میں بہت صلاحیت موجود ہے جس سے پاکستانی اداروں کو فائدہ اٹھانا چاہیئے اس حوالے سے سفارت خانہ ذاتی دلچسپی لے رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دو طرفہ تدریسی اداروں کے مابین تعلقات قائم کروانے میں سفارت خانہ معاون ثابت ہو گا تاکہ انجینئرنگ کی تعلیم اورایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوا جاسکے۔ آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹرشاہد منیر نے سفیرکو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔