وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمدعلی نے کہا ہے کہ ہر یونیورسٹی کیلئے اساتذہ، طلباء اور ملازمین کی طرح ایلومینائی چوتھا ستون ہوتے ہیں جن کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی یونیورسٹی صف ِ اول کی یونیورسٹی نہیں بن سکی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہیلی کالج آف کامرس کے سبزہ زار میں منعقدہ تاریخ کے پہلے ایلومینائی عشائیے سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،سینر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری انجینئرخالد عثمان،رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈائریکٹر ایلومینائی آفس پروفیسر ڈاکٹر حامد سعید،صدر آسا ڈاکٹر امجد عباس مگسی، فیکلٹی ممبران اور پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلباؤطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ہمارے ایلومینائی دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں اور بہترین پوزیشنز پر براجمان ہیں جن کے ساتھ مل پنجاب یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کو ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو آگے لیجانے کے لئے بطور وائس چانسلر جو کرسکا،وہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی تمام جامعات کے لئے پنجاب یونیورسٹی میں قائم ریسرچ لیبزاورسروسز کو اوپن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی لائبریری کو بھی لاہور کی تمام جامعات کے طلباء استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک عظیم یونیورسٹی کا وائس چانسلر ہونے کے ناطے کوشش کروں گا کہ لاہور کی دیگر جامعات کے ساتھ مل کر ٹرانسپورٹ کا ایسا نظام لائیں جس سے تمام طلباؤطالبات استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ کئی اداروں میں ہمارے ایلومینائی ہیں جو ایک کال پر فنڈ دینے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی آئندہ برس پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی کا سالانہ اجلاس منتخب عہدیداران انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ماضی کی تلخیوں، غلطیوں، کوتاہیوں اور اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پنجاب یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنانے کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس کو مضبوط کریں گے تاکہ یونیورسٹی کو فائدہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک ایلومینائی نے لاء کالج میں ایک عمارت تعمیر کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اولڈ کیمپس نواب صادق محمد خان عباسی اور ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کی زمین سر گنگا رام کی طرف سے پنجاب یونیورسٹی کو دینے پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر ایلومینائی آفس کی تعریف کی۔ انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے پاکستان کو بہترین انسانی وسائل فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لئے لاہور چیمبر آف کامرس پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیارہے۔انہوں کہا کہ پاکستانی قوم کوملکی حالات کی بہتری کے لئے کاروباری شخصیات سے بہت امیدیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ لاہور چیمبر آف کامرس میں رجسٹرڈ 45ہزار کاروبار کو فائدہ دینے کے لئے پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ مل کرتحقیقی منصبوبوں کو فروغ دیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہم اپنے ادارے سے جو محبت رکھتے ہیں ایسی محبت کا کوئی مقابلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے گریجوئیٹس بززگ بھی ہوں تو ان میں بچپن دکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس ایلومینائی کا جو بیج بویا وہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کی سرپرستی میں ایک پودا بن چکا ہے، جسے ہم سب مل کر تناور درخت بنائیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر حامدسعید نے وائس چانسلر، اساتذہ، سابق طلباء، معزز مہمانوں اورتعاون کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ کے پہلے ایلومینائی عشائیے میں ہم نہ صرف یونیورسٹی کی شاندار روایت کا جشن منا رہے ہیں بلکہ اپنے سابق طلباء کی کامیابیوں، سفراور خدمات کو بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم باصلاحیت اور مستحق طلبا کی مدد کے لیے ایک ایلومنائی انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عطیہ مہم شروع ہے جس پر آپ کی توجہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پنجاب یونیورسٹی کا کوئی بھی طالب علم مالی مجبوریوں کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
