فیکلٹی آف لاء اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے زیراہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی۔تقریب میں ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر راو عمران حبیب،ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کے صدر سردار عبدالباسط خان، جنرل سیکریٹری سہیل اختر الکڑا، جوائنٹ سیکریٹری میاں سعادت علی ندیم، فنانس سیکریٹری عمران میسن، لائبریری سیکرٹری محمد طفیل ٹھاکرنیز ایگزیکٹو ممبران صفوان رضا عباسی اوراحمدداؤدچوہان نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کا مقصد ایل ایل بی داخلوں کی بحالی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کو سراہنا اور اس پروگرام کی اہمیت پر زور دینا تھا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ لاء فیکلٹی کے نئے انفراسٹرکچر کا کیس سینڈیکیٹ میں پیش کیا جا چکا ہے اور جلد ہی تعمیراتی کام کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے ایل ایل بی پروگرام کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا ایک فلیگ شپ پروگرام قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر راو عمران حبیب نے کہا کہ یہ تقریب فیکلٹی آف لاء کی ہائیکورٹ بار ایسوسی سے دیرینہ تعلقات کی عکاس ہے۔ اس موقع پر صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سردار عبدالباسط خان اور جنرل سیکریٹری سردار سہیل اختر الکڑا کی خدمات کو بھی سراہا گیا جنہوں نے پاکستان بار کونسل کے سامنے یونیورسٹی کے کیس کو بھرپور انداز میں پیش کیا اور اس کے لیے خصوصی سفارشات دیں۔ جوائنٹ سیکریٹری میاں سعادت علی ندیم کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے لاء لائبریری کے لیے خطیر رقم کی کتابیں بطور تحفہ دی ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ اڑھائی سو کتابیں بطور تحفہ دے چکے ہیں۔ تقریب میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن بہاولپور کی جانب سے پچاس کمپیوٹرز پر مشتمل کمپیوٹر لیب کے قیام کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ یہ تعاون طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
شعبہ ہارٹیکلچر سائنسز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے لیکچرر ڈاکٹر فیصل ذوالفقار دنیا کے1فیصد بااثر محققین کی فہرست میں شامل
شعبہ ہارٹیکلچر سائنسز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے لیکچرر ڈاکٹر فیصل ذوالفقار دنیا کے1فیصد بااثر محققین کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ دنیا بھر سے 59 ممالک اور خطوں کے ہزاروں اسکالرز میں سے ڈاکٹر فیصل ذوالفقار کا شمار ان 6,886 محققین میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے فیصل ذوالفقار ان دو پاکستانی محققین میں سے ایک ہیں جنہیں کلیریویٹ ویب آف سائنس کے ذریعہ مرتب کردہ کثیر حوالہ جات والے محققین 2024 کی ٹاپ 1فیصد عالمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی نے سکالر کی اس منفرد کامیابی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔