پاکستان کی ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اور 15 پاکستانی جامعات کے نمائندوں نے سدرن یونیورسٹی بنگلادیش اور یونیورسٹی آف چٹاگانگ میں ایجوکیشن ایکسپوز منعقد کیے، جن کا مقصد بنگلادیشی طلبہ کو پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے آگاہ کرنا تھا۔سدرن یونیورسٹی بنگلادیش میں HEC کے وفد کا استقبال یونیورسٹی کے بانی پروفیسر ڈاکٹر سرور جہاں نے کیا۔ وفد نے ایک تفصیلی سیمینار میں طلبہ کو پاکستان میں دستیاب اسکالرشپس، داخلہ طریقۂ کار، فیکلٹی و اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرامز اور مشترکہ تحقیقی امکانات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شریف اشرف الزمان، یونیورسٹی کی سینیئر قیادت، ڈینز اور فیکلٹی ممبران نے بھی سیشن میں شرکت کی۔ سیمینار کے بعد منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو میں سیکڑوں طلبہ نے پاکستانی جامعات کے داخلہ معیار، تعلیمی پروگرامز اور اسکالرشپس سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

یونیورسٹی آف چٹاگانگ میں ایکسپو کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر محمد یحییٰ اختر اور پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جناب محمد واسع نے کیا۔ اس موقع پر فیکلٹی، میڈیا نمائندگان، طلبہ اور والدین نے پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور پاکستان میں دستیاب اعلیٰ تعلیمی مواقع کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔یہ ایجوکیشن ایکسپوز پاکستان۔بنگلہ دیش نالج کوریڈور کا بنیادی حصہ ہیں، جس کے تحت حکومتِ پاکستان بنگلادیشی طلبہ کے لیے 500 مکمل فنڈڈ علامہ محمد اقبال اسکالرشپس فراہم کر رہی ہے، تاکہ وہ پاکستان کی اعلیٰ جامعات میں معیاری تعلیم حاصل کر سکیں۔