اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں بیچلر آف کمپیوٹر انجینئرنگ اور سافٹ ویئر انجینئرنگ پروگرامز کی بیک وقت ایکریڈیٹیشن کے مسئلے پر غور کیا گیا۔ یہ پروگرامز پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) اور نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NCEAC) کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔
اجلاس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کی، جس میں ڈائریکٹر جنرل کوالٹی ایشورنس ایجنسی ایچ ای سی، جناب ناصر شاہ، سینئر ایڈیشنل رجسٹرار/ٹیکنیکل ایڈوائزر ریگولیشنز پی ای سی انجینئر ڈاکٹر اشفاق احمد شیخ، ایڈیشنل رجسٹرار/ہیڈ-EEU پی ای سی انجینئر جہان زیب خان، کنسلٹنٹ ٹیکنو-لیگل افیئرز پی ای سی وزیرزادہ محمد اویس اور این سی ای اے سی سیکریٹریٹ کے نمائندگان شریک ہوئے۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پی ای سی اور این سی ای اے سی کے درمیان ایک مشترکہ تعاون کا مؤثر طریقہ کار تشکیل دیا جائے تاکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایشورنس اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ایک ہم آہنگ حکمت عملی نہ صرف طلبہ کو بہتر تعلیمی معیار فراہم کرے گی بلکہ انہیں قومی و بین الاقوامی روزگار کی منڈیوں میں بھی زیادہ مواقع فراہم کرے گی۔ایچ ای سی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں کونسلز کے ساتھ مل کر نصاب کا بین الاقوامی معیارات کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔