نہم جماعت کے امتحانات کے دوران بعض اضلاع کے امتحانی سنٹرز میں نقل مافیا سے متعلق شکایات پر وزیر تعلیم نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قصور، اوکاڑہ، ننکانہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی، وہاڑی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے چند امتحانی سینٹرز کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان سینٹرز میں امتحانی دھاندلی میں ملوث اداروں اور عملہ کے نام ہم تک پہنچ چکے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلباء کو نقل کروانے میں ملوث افراد اور اداروں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ کریک ڈائون کی غرض سے خود مختلف اضلاع میں نکل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مافیا کو نہیں چھوڑیں گے۔ جو امیدوار نقل کرتا پکڑا گیا وہ 5 سال تک امتحان کیلئے نا اہل قرار پائے گا اور اگر عملہ کا کوئی فرد ملوث قرار پایا تو کڑی سزا کے ساتھ ساتھ اسے کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑا جائے گا۔ اس کی تصاویر اور کارنامے عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے والدین سے بھی بوٹی مافیا پر نگاہ رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ والدین نقل مافیا سے متعلق شکایات کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 03160261408 پر اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ بوٹی مافیا سے متعلق اطلاع دینے والے افراد کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات کو شفاف بنانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔ امتحانات میں شفافیت ہر صورت یقینی بنائی جائَے گی۔ اس ضمن میں فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب وزیر تعلیم نے اپنی خفیہ مانیٹرنگ ٹیموں اور بورڈ و محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی ٹیموں کو بھی امتحانی سنٹرز کی خفیہ نگرانی سخت کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔
Education News……نقل میں ملوث امیدوار 5 سال کیلئے نااہل،……..نقل مافیا کو کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، کریک ڈائون کا آغاز کر دیا۔ وزیر تعلیم
5