ماہِ ربیع الاول کے بابرکت مہینہ کی آمد پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اعلان کی روشنی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں عشرہ رحمت اللعالمین منانے کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ اس ماہ مقدس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کو 1500 برس مکمل ہو جائیں گے جو بلاشبہ یادگار اور مبارک گھڑیاں ہیں ۔ اسی نسبت سے حکومتِ پاکستان نے “عشرۂ رحمت للعالمین” نہایت شان و شوکت سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔تمام تر حمد و شکر اس ذاتِ باری تعالیٰ کے لیے ہے جس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی قدرتِ کاملہ کا جاویداں مظہر بنایا۔ بے شمار درود و سلام اس ہستیِ مقدسہ پر جن کی بدولت انسانیت کو حقیقی عظمت اور فلاح کی راہیں نصیب ہوئیں۔ بلا شبہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے روشنی کا سرچشمہ اور نجات کا یقینی وسیلہ ہے۔انہیں مبارک لمحات سے فیض یاب ہونے کے لیے سیرت چیئراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور شعبہ تعلقات عامہ مختلف سوسائٹیز اور پلیٹ فارمز کے اشتراک سے ایک وسیع سلسلۂ پروگرامز کا انعقاد کرنے جارہی ہے۔ ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عریبک اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ ان پروگرامز کا موضوع”سوشل میڈیا کے مثبت استعمال میں ریاستی ذمہ داریاں: سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں” ہے ۔اس سلسلے میں قومی سیرت کانفرنس، محافلِ حمد و نعت، تقریری و تحریری مقابلے، مباحثے، سیرت آگاہی مہم اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ اساتذہ، طلبہ اور عوام ان علمی و روحانی سرگرمیوں سے زیادہ سے زیادہ فیض حاصل کر سکیں۔ ڈائریکٹر سیرت چیئر پروفیسر ڈاکٹر حافظ شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی چوتھی قومی سیرت کانفرنس ہے جسکا انعقاد یکم ستمبر 2025 صبح 10 بجے عباسیہ کیمپس کے گھوٹوی ہال میں ہوگا۔ اس کانفرنس کے موقع پر پاکستان خاص طور پر بہاولپور ڈویژن سے علمائے کرام شریک ہوں گے
اہم خبریں
پاکستان میں جاپانی سفارت خانے نے نیپون فائونڈیشن کے تعاون سے جاپان سے متعلق 166 کتابوں کا ایک مجموعہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کو بطور عطیہ دیا
:پاکستان میں جاپانی سفارت خانے نے نیپون فائونڈیشن کے تعاون سے جاپان سے متعلق 166 کتابوں کا ایک مجموعہ ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘کے تحت کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس کو بطور عطیہ دیا جس کا مقصد کتابوں کے ذریعے جاپان کی ثقافت، ادب، تاریخ اور سیاست سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر اکا متسو شیوچی نے پیر کو منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک کو نیپون فائونڈیشن کی طرف سے کتابوں کا یہ تحفہ پیش کیا۔انگریزی زبان میں یہ کتابیں جاپان سے متعلق تاریخ، سیاست، ادب، معیشت، فلسفہ،سکیورٹی، فن اور ثقافت جیسے اہم موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے سفیر نے نیپون فائونڈیشن کی جانب سے کتابوں کا یہ قیمتی تحفہ حاصل کرنے پر طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کتابوں کے ذریعے طلباء، فیکلٹی، محققین اور دانشوروں کو جاپان کے بارے میں نہ صرف اہم معلومات حاصل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے ان میں جاپان سے متعلق دلچسپی بھی بڑھے گی۔ سفیر نے کہا کہ کتابوں کا یہ تحفہ درحقیقت جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید تقویت دینے میں پل کا کردار ادا کرے گا۔جاپان کے سفیر نے پاکستانی نوجوانوں کی تعلیم کے شعبہ میں ترقی کرنے میں کامسیٹس یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جاپان کامسیٹس یونیورسٹی کے ساتھ مل کر تعلیمی اور ثقافتی تعاون اور کوششوں کو جاری رکھے گا۔ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیپون فائونڈیشن اور جاپان کے سفارت خانے کی جانب سے کتابوں کے اس انمول تحفے کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلباء ان کتابوں سے نہ صرف اپنے علم میں اضافہ کریں گے بلکہ مستقبل میں جاپان پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
نیپون فائونڈیشن نے “ریڈ جاپان پراجیکٹ” 2008ء میں شروع کیا تھا جس کا مقصد دنیا بھر کی یونیورسٹیوں اور لائبریریوں کو انگریزی زبان میں جاپان سے متعلق کتابوں کے عطیہ کے ذریعے جاپان سے متعلق آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔
یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جشنِ آزادی معرکہِ حق کے عنوان سے پاکستان کا 78 واں یوم آزادی منایا گیا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اس موقع پر مہمان خصوصی تھے
یونیورسٹی کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جشنِ آزادی معرکہِ حق کے عنوان سے پاکستان کا 78 واں یوم آزادی منایا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پرنسپل ڈاکٹر فرحانہ الطاف قریشی نے پرعزم طلباءوطالبات اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ جشن آزادی کے جذبے کو پروان چڑھانے کے لیے آرٹ مقابلے، آرٹ نمائش اور دلکش پرفارمنس کے پروگرام ترتیب دیئے ۔ جشن آزادی آرٹ مقابلے میں جنوبی پنجاب کے 15 اسکولوں سے ایک سو طلباءوطالبات شریک ہوئے ۔ ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر سید عامر سہیل، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اینڈ کامرس پروفیسر ڈاکٹر جواد اقبال، پرنسپل دانش سکول حاصل پور شہلا فرحان، ڈاکٹر ثمر فہد، ڈاکٹر نوین جاوید، ڈاکٹر شہباز علی خان اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے ۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن کا پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ فیز ٹو کے امتحانات کا شیڈول جاری…….پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ کا امتحان حکومت پنجاب میں گریڈ ایک سے 16 میں ملازمت کرنے والے سرکاری ملازم شرکت کر سکتے ہی۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کی جانب سے پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ فیز ٹو کے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا گیا،امیدواروں سے انگلش اور اردو مضمون کا پرچہ لیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق امیدواروں کی کم تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایم ایس منسٹریل کوٹا فیز ٹو کا تحریری امتحان24 اگست کو صرف لاہور میں لیا جائے گا،اس امتحان میں5 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے ،اس سے قبل 15 ہزار سے زائد امیدوار فیز ون کے امتحان میں شریک ہوئے تھے جس میں 5772 ہزار سے زائد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی،
پی ایم ایس منسٹریل کوٹہ کا امتحان حکومت پنجاب میں گریڈ ایک سے 16 میں ملازمت کرنے والے سرکاری ملازم شرکت کر سکتے ہی۔ترجمان کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن نے امتحان کے شیڈول کا نوٹیفیکیشن اپنی ویب سائٹ پر بھی اپلوڈ کردیا ہے،سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے امیدواروں کو امتحانی رول نمبر سلپ پر درج ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے، امیدواروں کو صرف اصل شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا ڈومیسائل پر ہی امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
مکاؤ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST) پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور 2039 تک کاربن نیوٹرلٹی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔……….اس مقصد کے لیے MUST نے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، ویسٹ ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی آگاہی مہمات جیسے اقدامات شروع کیے ہیں
مکاؤ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST) پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور 2039 تک کاربن نیوٹرلٹی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات کے پس منظر میں مختلف ممالک اس بڑے چیلنج سے نمٹنے کے حل تلاش کر رہے ہیں۔ مکاؤ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST) اس سلسلے میں پائیدار ترقی کو فروغ دے رہی ہے اور کاربن اخراج کو کم کرنے کے لیے سرگرم اقدامات اٹھا رہی ہے، جو اس کے ماحولیاتی ذمہ داری کے مضبوط احساس کو ظاہر کرتا ہے۔ یونیورسٹی نے 2039 تک کاربن نیوٹرلٹی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے اور “زیرو کاربن کیمپس” قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہدف: 2039 تک کاربن نیوٹرلٹی
MUST نے 2021 میں کاربن اخراج کی پیمائش شروع کی، جس میں اسکوپ 1، اسکوپ 2 اور اسکوپ 3 کے گرین ہاؤس گیس اخراج شامل ہیں۔ تعلیمی سال 2022/23 میں MUST کا کل کاربن اخراج تقریباً 16,000 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی رہا، جبکہ فی کس اخراج 1 ٹن سے بھی کم تھا۔ یونیورسٹی اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ اعلیٰ تعلیمی ادارے پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے، MUST نے کاربن پیکنگ اور کاربن نیوٹرلٹی کی پیش گوئیاں کی ہیں اور 2039 تک کیمپس کی سطح پر کاربن نیوٹرلٹی کے حصول کا منصوبہ بنایا ہے۔
عملی اقدامات
اس سال، یونیورسٹی نے کیمپس کاربن نیوٹرلٹی کا ہدف پیش کیا ہے، جو عالمی حدت اور ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار ہے۔ اس مقصد کے لیے MUST مختلف اقدامات کر رہی ہے، جیسے:
- قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا
- ویسٹ ری سائیکلنگ کا نظام اپنانا
- ماحولیاتی آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد (جیسے “ارتھ آور”)
ان اقدامات کے ذریعے 2039 تک یونیورسٹی 5,000 ٹن سے زائد کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج میں کمی کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔ مزید برآں، 2060 تک طویل مدتی کاربن کمی کے اہداف بھی مقرر کیے گئے ہیں۔
مستقبل کی سمت
MUST اپنی مسلسل کوششوں کے ذریعے وسیع تر پائیدار ترقی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ یونیورسٹی مقامی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ سبز ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی جدت کو فروغ دیا جا سکے، اور اس طرح عالمی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں کردار ادا کیا جا سکے۔
اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) سیکریٹریٹ، اسلام آباد میں پاکستان کا یومِ آزادی شاندار انداز میں منایا گیا۔چیئرمین ایچ ای سی جناب ندیم محبوب کی جانب سے تقریب کی صدارت ڈاکٹر مظہر سعید نے کی۔
اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) سیکریٹریٹ، اسلام آباد میں پاکستان کا یومِ آزادی شاندار انداز میں منایا گیا۔
چیئرمین ایچ ای سی جناب ندیم محبوب کی جانب سے تقریب کی صدارت ڈاکٹر مظہر سعید نے کی۔ اس موقع پر ایچ ای سی کے سینئر افسران، عملہ اور خوشی سے لبریز بچے بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور آزادی و اتحاد کی روح کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانے کی پرجوش دھن نے ماحول کو حب الوطنی کے جذبے سے بھر دیا۔
78 برسِ آزادی کی خوشی میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا، جو پاکستان کے ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر فخر انگیز سفر کی علامت تھا۔یہ رنگا رنگ تقریب ایچ ای سی کے قومی فخر اور اتحاد کے عزم کی عکاس تھی۔

یو نیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں گذشتہ روز پاکستان کے اٹھترہویں (78)یوم آزادی کے حوالے سے ایک پرُ وقارتقریب منعقدہو ئی۔ جس میں وائس چانسلر میری ٹو ریئس پروفیسر ڈاکٹرمحمد یونس (تمغہ امتیاز) نے چیئر مین پیرا سا ئٹا لو جی ڈیپا رٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران اشرف اورپروفیسر ڈاکٹر مطیع الرحمن کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔
یو نیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں گذشتہ روز پاکستان کے اٹھترہویں (78)یوم آزادی کے حوالے سے ایک پرُ وقارتقریب منعقدہو ئی۔ جس میں وائس چانسلر میری ٹو ریئس پروفیسر ڈاکٹرمحمد یونس (تمغہ امتیاز) نے چیئر مین پیرا سا ئٹا لو جی ڈیپا رٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر کامران اشرف اورپروفیسر ڈاکٹر مطیع الرحمن کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ تقر یب میں یو نیورسٹی کے فیکلٹی ممبران،ایڈ منسٹر یٹیو افسران،سٹاف اور اُن کی فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثنا ء سٹی کیمپس میں کیک کا ٹنے کی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا نیز سٹی کیمپس میں ہر یا لی کو فرو غ دینے کی غرض سے پروفیسر ڈاکٹرمحمد یونس اور پروفیسر ڈاکٹر کامران اشرف نے دیگر سینئر فیکلٹی ممبران و افسران کے ہمراہ ایڈمن بلاک کے سامنے لان میں پودے بھی لگا ئے۔
جشن آزدی دن کے مو قع پر حا ضرین سے خطاب کرتے ہوئے پرو فیسرڈاکٹرمحمد یونس نے اسا تذہ، طلبہ اورملازمین کو پاکستان کے اٹھترہویں یوم آزادی کی مبا رکبا د پیش کی نیز اُ نہو ں نے بر صغیر پاک و ہند کے مسلما نو ں کے لیئے ایک آزا د ملک کے حصول کے لیئے قا ئد اعظم محمد علی جناح کی سیا سی جدو جہد اور ادا کی گئی انتھک کاوشوں اور گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔اُ نہو ں نے کہا کہ ہم شا عر مشرق ڈاکٹر محمد علا مہ اقبال کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہو ں نے ہمیں ایک آزاد ملک کا بہترین تصور پیش کیا نیز کہا کہ ہم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے بھی بے حد ممنو ں ہیں جنہو ں نے پاکستان کا د فا عی سسٹم نا قا بل تسخیر بنانے میں اپنامثا لی کردار اداکیا کہ آج ہم ایک آزاد ملک میں امن و سکون کے ساتھ زند گی گذا ر رہے ہیں۔

پرو فیسرڈاکٹرمحمد یونس نے افوا ج پاکستان کی بھی شاندار کاوشوں کی تعریف کی جنہو ں نے حال ہی میں آپریشن بنیان المر صو ص کے دوران دشمن ملک کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور جرات و بہادری کی اعلی مثال قائم کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ ہما ر ے بز ر گو ں نے ایک آ زاد ملک کے حصول کی جدو جہد میں اپنی بیش قدر قیمتی جا نو ں کے نذ را نے پیش کیئے،تب ہمیں خدا نے آزا دی کی نعمت سے نوا ز ا کہ آج ہم ایک آزاد ملک میں ایک آزاد قوم کی طر ح زندگی گز ار رہے ہیں۔اُ نہو ں نے کہا کہ آزادی ایک بہت بڑی خدا کی نعمت ہے اور اس کی قدر کشمیر اور فلسطین کی عوام سے پوچھیں جو آج تک آزادی کی نعمت سے محروم ہیں نیز اُ نہو ں نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیئے دعا بھی کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ ہمارا ملک اسلام کے نام پر حا صل کیا گیا تھا اور ہمیں اس بات پر پورا فخر ہے نیز کہا کہ پاکستانی ہونے کے نا طے ہم پر ذمہ داری عا ئد ہو تی ہے کہ ہم اپنے علم و عمل سے ملکی تر قی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستانی افواج کے شہدا اور ویٹر نری یونیورسٹی کی تر قی کے لیئے پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس نے دعا بھی کی۔
د ریں اثنا ویٹر نری یونیورسٹی کے تمام کیمپسز جن میں راوی کیمپس پتوکی، کالج آف ویٹر نری اینیمل سائنسز جھنگ،خا ن بہا در چو ہدری مشتاق احمد کالج آف ویٹر نری اینیمل سائنسز نارووال اور پیراویٹر نری انسٹی ٹیو ٹ کروڑ لعل ایسن لیہ کیمپس میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد ہو ئیں۔
ہم پاکستان کے 78ویں جشن آزادی پر1947ء میں ملک کو آزادکرانے والے اور 10مئی 2025ء کو آزادی کی حفاظت کرنے والے محسنوں کو خراج عقید ت پیش کرتے ہیں…..ہم اس موقع پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے معرکہ حق میں بڑی فتح نصیب کی اور ہم ایک بڑی قوم بن کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان 10 مئی کے بعد بھرپور قوت سے روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے………وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی کا پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب
:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے 78ویں جشن آزادی پر1947ء میں ملک کو آزادکرانے والے اور 10مئی 2025ء کو آزادی کی حفاظت کرنے والے محسنوں کو خراج عقید ت پیش کرتے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ایڈمن بلاک کے سامنے منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام،فیکلٹیز ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ،افسران، ملازمین، طلباء و طالبات، فیملیزاور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں وائس چانسلر نے پرچم کشائی کی اورکبوتر آزاد کئے۔اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے جس میں ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے ملک، قوم اور ایمان کے ساتھ کہ جب تک زندہ ہیں اس وطن کی حفاظت کے لئے کسی بھی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے معرکہ حق میں بڑی فتح نصیب کی اور ہم ایک بڑی قوم بن کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان 10 مئی کے بعد بھرپور قوت سے روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے اور متحد ہوکر خوشحالی لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے شرف بخشا تو ملک کی حفاظت کے لئے شہادت کو قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور خراب موسم میں جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کرنے والوں کے جذبات قابل دید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی آزادی کے لئے ہر تقریب میں جذبہ حب الوطنی کے ساتھ شرکت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی ضروری ہے جو صرف تعلیم سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی ترقی میں جامعات کا کرداراہم ہے جس میں پنجاب یونیورسٹی صف اول کا کردار اداکررہی ہے۔

آزادی اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے، جس کا شکر ادا کرنا ہم سب پر لازم ہے۔ آج ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں، یہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔……. وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری………. گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پروقار تقریب کا انعقاد
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پروقار تقریب کا انعقاد ، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلباء اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں آزادی کی جدوجہد میں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عزم اور وعدہ ہے، جو ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنے فرائض دیانت داری سے ادا کریں، چاہے وہ وطن کے لیے ہوں، اپنے ادارے کے لیے یا اپنے پیشہ وارانہ اور روزمرہ کے کاموں کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہے، جس کا شکر ادا کرنا ہم سب پر لازم ہے۔ آج ہم کھلی فضا میں سانس لے رہے ہیں، یہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ہمیں آنے والے دنوں کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے کیونکہ جنگی حالات میں درپیش چیلنجز طویل عرصے تک جاری رہ سکتے ہیں۔ اب وقت ہے کہ ہم دنیا کو ثابت کریں کہ ہم واقعی ایک زندہ قوم ہیں۔
یوم آزادی کی تقریب میں ڈبیٹنگ سوسائٹی کے طلباء نے پرجوش تقاریر پیش کیں۔

ملک پاکستان کی 79ویں یوم آزادی کے موقع پر معرکہ حق کے نام سے منسوب…….. دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔………. یومِ آزادی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے ۔ ……..اس سال ہم یہ دن معرکۂ حق کے نام سے منا رہے ہیں، وہ معرکہ جس میں سچ نے جھوٹ پر، اور حق نے باطل پر فتح پائی۔……. پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم وائس چانسلر,دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور
ملک پاکستان کی 79ویں یوم آزادی کے موقع پر معرکہ حق کے نام سے منسوب دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور نے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق محمود قریشی کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشازیہ انجم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور پرچم کشائی کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سائرہ ارشاد نے ادا کئے۔ 79ویں یوم آزادی کی مناسبت سے دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں طالبات کے مابین تقریری مقابلہ جات میں اول، دوئم آنے والی طالبات نے اپنی تقریریں پیش کیں۔اسی طرح ڈے کیئر سنٹر کے بچوں نے ملی نغموں پر سولو پرفارمنس دیکر حاضرین سے خوب داد سمیٹی ۔

تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ خدا تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں آزاد مملکت خداداد” اسلامی جمہوریہ پاکستان” جیسا خوبصورت وطن عطا کیا جو عظیم نعمت ہے ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو آج 78 برس گزر چکے یہ عرصہ ہماری قربانیوں، جدوجہد اور کامیابیوں کی داستان ہے۔ یومِ آزادی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے اسلاف کے خوابوں کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے اتحاد، قربانی اور محنت کے سفر کو جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم یہ دن معرکۂ حق کے نام سے منا رہے ہیں، وہ معرکہ جس میں سچ نے جھوٹ پر، اور حق نے باطل پر فتح پائی اور یہ سب افواج پاکستان کی وجہ سے ہوا اور آج ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کی بدولت پر امن آزادی کا جشن منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اکیسویں صدی کے اہم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سائنس اور آئی ٹی کی فیلڈز میں تحقیق و ایجادات پر زور دینا ہوگا تبھی ترقی ممکن ہے۔ 79 ویں یوم آزادی کے اس عظیم دن کی مناسبت سے آئیے ہم سب مل کر صدق دل سے یہ عہد کریں کہ ملک کو خوشحال ‘ تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم بنانے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں گے۔ بعد ازاں شہداء وطن کیلئے فاتحہ پڑھی گئی اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔آخر میں وائس چانسلر کے ہمراہ سب نے مل کر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا اور وائس چانسلر نے سبھی بچوں میں آزادی کی خوشی میں نقدی انعمات سے بھی نوازا۔ تقریب میں پروفیسرڈاکٹر محمد صادق ہاشمی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ،ڈاکٹر صائمہ انجم رجسٹرار ، محمد انصر مغل خزانہ دار،دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی،ڈاکٹر فاطمہ مظہر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز، مس نائمہ بھٹی ڈپٹی ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلی کیشنز ، راشد سلامت اسٹیٹ کیئر آفیسر ، نعمان محمود شیخ اسسٹنٹ پرچیز آفس سمیت دیگر فیکلٹی ممبران ، ایڈمنسڑیشن اور یونیورسٹی طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے یوم آزادی کی مناسبت سے یونیورسٹی لائبریری میں تاریخ پاکستان کے حوالے سےلگائے گئے بک اسٹالز کا بھی وزٹ کیا۔
