گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کانووکیشن کی تقریبات محض رسمی اجتماعات نہیں ہیں بلکہ وہ اہم سنگ میلوں کی نمائندگی کرتے ہیں جو فکری ترقی، ذاتی کامیابی اور معاشرے کی خدمت کرنے کی تیاری کی نشاندہی کرتے ہیں۔ آج بیوٹمز یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس پاکستان اور بلوچستان کی امنگوں کو مجسم کرتے ہوئے علم اور ترقی کے مشعل راہ ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اور ان کی پوری ٹیم کی دور اندیش قیادت میں، تعلیمی طاقت اور جدت کی علامت کے طور پر مسلسل ابھرا ہے۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں بیوٹمز یونیورسٹی عالمی بینڈ 1500 میں رکھا گیا ہے. یہ بلوچستان کی واحد یونیورسٹی ہے جسے عالمی سطح پر رینکینگ کیا گیا ہے۔ یہ کامیابی یونیورسٹی کی معیاری تعلیم، تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کیلئے مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی کے 21ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وائس چانسلر بیوٹمز یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالدحفیظ، آل بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز صاحبان، ڈین فیکلٹیز، مہمانانِ گرامی، والدین اور فارغ التحصیل ہونے والے گریجویٹس شریک تھے. واضح رہے کہ 21ویں کانووکیشن میں 10 پی ایچ ڈی، 685 بی ایس اور 41 ایم ایس اور ایم بی اے گریجویٹس پر مشتمل گریجویٹ طلباءکو گولڈ میڈل اور ڈگریاں دی گئیں۔











