بنگلہ دیش کے ساحلی تفریحی شہر کاکس بازار میں طلبہ نے نرسنگ اینڈ مڈوائفری کالج کے تمام اساتذہ کو مستعفی ہونے پر مجبور کر دیا۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق طلبا نے کرپشن کا الزام لگاتے ہوئے پوری فیکلٹی کمیٹی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا ۔رپورٹ کے مطابق کالج میں طالبات کے اس مطالبے کے بعد سخت کشیدگی پیدا ہو گئی۔ جس پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے پانچ اساتذہ اور گیارہ طلبا کو گرفتار کر لیا اور انہیں تقریباً آٹھ گھنٹے تک حراست میں رکھا ۔
کاکس بازار صدر ہسپتال کے دو رہائشی میڈیکل افسران، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے ساتھ ساتھ فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ارکان نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے طالبات سے تقریباً تین گھنٹے تک مذاکرات کئے۔ ان مذاکرات میں تمام اساتذہ نے مستعفی ہونے اور 11:30 بجے تک کالج کے احاطے کو خالی کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل آف نرسنگ اینڈ مڈ وائفری (DGNM) کے ارکان اب اس بحران سے نمٹنے کے لیے صدر ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو باضابطہ طور پر رپورٹ کریں گے۔