وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 10جون سے ہوں گی۔ اس سلسلہ میں نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔جمعہ کو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام تعلیمی ادارے 10 جون سے31 جولائی تک بند رہیں گے۔ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے یکم اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔ نوٹیفکیشن سیکرٹری تعلیم کی منظوری سے جاری کیا گیا۔
Ilmiat
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ” عصر حاضر میں عائلی نظام کو درپیش چیلنجز: تفاسیر احکام القرآن سے رہنمائی ” کے موضوع پر فیکلٹی سیمینار کا انعقاد
شعبہ قرآن و تفسیر، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے ” عصر حاضر میں عائلی نظام کو درپیش چیلنجز: تفاسیر احکام القرآن سے رہنمائی ” کے موضوع پر فیکلٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ، ڈاکٹر محمد راغب نعیمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آفس آف ریسرچ اینڈ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی ) کی جانب سے ”ریسرچ ایوارڈز 2024” کی تقسیم اسناد تقریب کا انعقاد کیا گیا……تقریب کی صدارت وائس چانسلر علامہ اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آفس آف ریسرچ اینڈ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی ) کی جانب سے گذشتہ روز ”ریسرچ ایوارڈز 2024” کی تقسیم اسناد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت وائس چانسلر علامہ اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔ اس تقریب کا مقصد ریسرچ پبلی کیشن گرانٹس 2023 کے لئے اسناد تقسیم کرنا تھا۔ کل 242 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 233 اہل درخواست گزار تھے اور 317 تحقیقی مقالے ایوارڈ کے لئے زیر غور آئے۔ 233ریسرچ پبلی کیشن میں سے49 سوشل سائنسز،48 فیکلٹی آف سائنسز سے،32 کا تعلق فیکلٹی آف عریبک اینڈ اسلامک اسٹڈیز،25 فیکلٹی آف ایجوکیشن سے، اور 13 کا تعلق سروسز ڈیپارٹمنٹ سے تھا۔ اس کے علاوہ ریسرچ گرانٹ لینے والوں میں 66 طلبہ و طالبات بھی شامل تھے۔

مزید برآں”انوویٹو آئیڈیاز مقابلہ 2024” میں 300 درخواست گزاروں نے حصہ لیا، جس میں سے 10 فائنلسٹ منتخب ہوئے اور پانچ بہترین کو انعامی رقم سے نوازا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمودنے محققین کی حوصلہ افزائی کرنے پر او آر آئی سی کی کوششوں کی تعریف کی اور ایوارڈ یافتگان میں اسناد تقسیم کیے۔ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی پر ہم اگلے سال سے”بسٹ ٹیچر ایوارڈ”بھی دیں گے۔ڈینز، فیکلٹی ممبران اور پرنسپل افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
……..2……

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اورپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کے مابین یاداشت پر دستخطوں کی تقریب منعقدہوئی۔رجسٹرار راجہ عمر یونس اورڈپٹی ڈائریکٹر، پی ایچ اے راولپنڈی، وقاص احمد عباسی نے یاداشت پر دستخط کئے۔ تقریب کی صدارت ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس اینڈ ہومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر عبد العزیز ساحر نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی خوبصورتی اور تعلیمی جہد کو مذید بہتر کرنے کے لئے پی ایچ اے بطور ادارہ ہمارے ساتھ کھڑا ہوا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے 44 مختلف مقامات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تشہیری مہم میں ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا کے معترف ہیں جنہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور یہ موقع فراہم کیا۔
تعلیم تمام قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے ، کوئی بھی قوم تعلیم اور تعلیمی اداروں کو مضبوط کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان
اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تعلیم تمام قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور کوئی بھی قوم تعلیم اور تعلیمی اداروں کو مضبوط کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتی ، دور دراز علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے اٹک کیمپس کے دورہ پر کیا۔
گورنر نے کیمپس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اٹک کیمپس پراجیکٹ کو کم سے کم وقت میں فعال کیا جائے گا۔انہوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم کی کاوشوں کی تعریف کی اور یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی امور کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
قبل ازیں بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم نے سب کیمپس اٹک کے حوالے سے گورنر پنجاب کو بریفنگ دی اور یونیورسٹی سب کیمپس کی اٹک کی جلد تکمیل کے لیے طریقہ کار تجویز کیا تاکہ اسے جلد از جلد فعال بنایا جا سکے ، اس موقع پر ڈائریکٹر یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اکرام علی ملک ، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈیڈاکٹر محمد کامران، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا اور ڈاکٹر رفعت حیات ڈائریکٹر سب کیمپس اٹک بھی موجود تھے۔
بحر یہ یو نیو رسٹی میں ” دی ڈریگن بوٹ فیسٹیول” کے عنوان سے ثقافتی تقریب کا انعقاد……پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تبادلے بڑھ رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء چین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، یہ طلبا چین میں جدید تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ چین کی طویل اور شاندار ثقافت کو بھی سمجھ رہے ہیں…….سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی
چائنا میڈیا گروپ نے اسلام آباد میں ” دی ڈریگن بوٹ فیسٹیول” کے عنوان سے ایک ثقافتی تقریب کا انعقاد کیا۔ سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی، چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی، اساتذہ اور میڈیا کے نمائندوں نے پاکستان میں پرائمری سکول کے 200 سے زائد طلباء کے ساتھ “ڈریگن بوٹ فیسٹیول” میں شرکت کی ۔
سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی تبادلے بڑھ رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء چین میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، یہ طلبا چین میں جدید تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ چین کی طویل اور شاندار ثقافت کو بھی سمجھ رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبا پاکستان اور چین کی دوستی کو بڑھانے میں پل کا کردار ادا کریں گے ۔چین میں پاکستان کی سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے وہاں موجود بچوں سے اپنی توقعات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ چین کو بہتر طور پر سمجھ سکیں گے اور چین کے ساتھ گہری دوستی کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی
چائنا میڈیا گروپ اسلام آباد کی ڈائریکٹر نے مہمانوں اور بچوں کے ساتھ ڈریگن بوٹ فیسٹیول کی تاریخ اور رسم و رواج کومتعارف کرایا ، یہ تہوار پہلا چینی روایتی تہوار ہے جسے دنیا کے غیر مادی ثقافتی ورثے کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔تقریب میں پاکستانی بچوں نے روایتی چینی ثقافت میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور چینی روایتی ثقافت سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بات چیت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پرپاکستانی طلباء نے پرفارمنس بھی پیش کی۔
پنجاب یونیورسٹی نے مرتضیٰ عاشق ولد محمد عاشق کوانفارمیشن مینجمنٹ، عابدہ تحریم دختر شیر بہادرکو پبلک ہیلتھ، آمنہ محموددختر محمود احمدکو بائیو کیمسٹری، زمان گل ولد خادم حسین کو زوالوجی، مبشر داؤد ولد محمد داؤدکو اسلامک سٹڈیز، طیبہ رسول دختر سید رسول کو انفارمیشن مینجمنٹ، محمد عامر اسلم ولد محمد اسلم کو پبلک ہیلتھ،محمد اکرم ولد گل حسن بادشاہ کو بائیو کیمسٹری، منظور علی ولد محمد ابراہیم کو اسلامک سٹڈیز اور عظمیٰ نورین دختر سید محمد ابرار حسین کو باٹنی کے مضمون، پی ایچ ڈی مقالہ جات کی تکمیل کے بعد پی ایچ ڈی کی ڈگریاں جاری کر دیں۔
یو ای ٹی لاہور، انٹری ٹیسٹ میں 19ہزار 498انجینئرنگ طلباء کی شمولیت…….یو ای ٹی لاہور، انڈر گریجوائٹ پروگرامز میں داخلے کیلئے دوسرے انٹری ٹیسٹ کا آغازپیر سے شروع ہونے والے انٹری ٹیسٹ جمعہ تک جاری رہیں گے
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور اسکے سب کیمپسز سمیت پنجاب بھر کی سرکاری و نجی انجینئرنگ جامعات میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کاآغاز ہوچکا ہے۔ پیر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ پنجاب بھر کے 11 شہروں کے 12 سینٹرز میں 7 جون بروزجمعہ تک جاری رہیں گے۔جبکہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 10جون کو کیا جائے گا۔ تاہم طلباء کی رہنمائی کیلئے یو ای ٹی مین اور سیٹلائٹ کیمپسز میں سات مختلف فیکلٹیز کے تحت انڈرگریجویٹ پروگراموں، داخلہ کی اہلیت کے معیار، داخلہ کے طریقہ کار، اسکالرشپس، اور فیس میں رعایت کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے 13 جون 2024 کو اوپن ڈے کا انعقاد کیا جائے گا۔
پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن مینجمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز مقرر……..مشکل ترین مالی حالات کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے گذشتہ ایک سال سے یونیورسٹی ملازمین کو سیلری کی ادائیگی کو یقینی بنایا
)گورنر پنجاب و چانسلرسردار سلیم حیدر خان نے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن مینجمنٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز مقرر کیا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، ڈینز، اساتذہ کرام، ایلومینائی اور طلباء وطالبات نے پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی کو اس اعزاز پر مبارکباد دی ہے۔

مشکل ترین مالی حالات کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے گذشتہ ایک سال سے یونیورسٹی ملازمین کو سیلری کی ادائیگی کو یقینی بنایا ہے۔ اس دوران دو ماہ تو ایسے بھی تھے جب یونیورسٹی فنانس بہت مشکل حالات کا شکار تھا اور یکم تاریخ کو آدھی تنخواہ ادا کی گئی مگر جیسے ہی رقم کا بندوبست ہوا فوری طور پر بقیہ تنخواہ بھی ادا کر دی گئی۔
بہاول پو ر(پ ر)ترجمان اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا ہے کہ مشکل ترین مالی حالات کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے گذشتہ ایک سال سے یونیورسٹی ملازمین کو سیلری کی ادائیگی کو یقینی بنایا ہے۔ اس دوران دو ماہ تو ایسے بھی تھے جب یونیورسٹی فنانس بہت مشکل حالات کا شکار تھا اور یکم تاریخ کو آدھی تنخواہ ادا کی گئی مگر جیسے ہی رقم کا بندوبست ہوا فوری طور پر بقیہ تنخواہ بھی ادا کر دی گئی۔ اس سلسلے میں اندرونی وسائل کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے گرانٹ کے علاوہ بینکوں سے قرضہ بھی لیا گیا۔ ان تمام اقدامات کا مقصد ملازمین کی بھلائی ہے تاکہ وہ کسی مشکل صورتحال کا شکار نہ ہوں۔ اسی طرح مئی کے مہینے کی تنخواہ کے لیے یونیورسٹی کے پاس فنڈز دستیاب نہیں تھے تاہم تمام اخراجات کو کنٹرول کرکے ترجیحی بنیاد پر ملازمین کو آدھے مہینے کی تنخواہ 31 مئی کو ادا کر دی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کو ملازمین کی مشکلات کا مکمل احساس ہے اور وائس چانسلر نے خزانہ آفس کو ہدایت کی ہے کہ بینکوں سے فوری قرض کا بندوبست کر کے بقیہ آدھی تنخواہ عید الاضحی سے قبل ادا کر دی جاے۔ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور یقینی طور پر عید سے قبل بقیہ تنخواہ اداکر دی جائے گی۔
– این آر پی یو سیمنٹ لیس ری سائیکلڈ ایگریگیٹ کنکریٹ کی ترقی: ایک پائیدار نقطہ نظر کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا
سول انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ، یو ای ٹی لاہور نے ایچ ای سی کے زیر اہتمام نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز – این آر پی یو (P. No. 16682) کے تحت پاکستان میں سیمنٹ لیس ری سائیکلڈ ایگریگیٹ کنکریٹ کی ترقی: ایک پائیدار نقطہ نظر کے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا۔ معزز مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر ایم الیاس مہمان خصوصی، پروفیسر ڈاکٹر خالد فاروق ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر نور محمد خان چیئرمین سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، اور ڈاکٹر قاسم شوکت خان پرنسپل انویسٹیگیٹر نے تعمیراتی صنعت میں پائیدار تعمیراتی مواد اور ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر زور دیا۔
آسٹریلیا، جاپان اور پاکستان سے آئے ہوئے مقررین نے گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے پائیدار تعمیراتی مواد اور ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر ڈاکٹر خالد فاروق ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ نے اپنے اختتامی کلمات میں ڈاکٹر قاسم شوکت خان، پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ قاضی، اور پروفیسر ڈاکٹر نور محمد خان کو سیمینار کے کامیاب انعقاد پر سراہا۔ آخر میں، پروفیسر ڈاکٹر خالد فاروق نے پرنسپل انویسٹیگیٹر، کو پرنسپل انویسٹیگیٹر اور دیگر میں شیلڈز تقسیم کیں۔

دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں محمد انصر مغل نئے خزانہ دار تعینات ہوگئے۔
دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں محمد انصر مغل نئے خزانہ دار تعینات ہوگئے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق محمود قریشی وائس چانسلر، ڈاکٹر فاطمہ مظہر رجسٹرار دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور سمیت اکاؤنٹ آفس کے ملازمین نے کرنٹ خزانہ دار کو تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ محمد انصر مغل کا شمار پاکستان کے مشہور چارٹڈ منیجمنٹ اکاؤنٹنٹس میں ہے۔ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور محکمہ مواصلات سمیت مختلف اداروں میں اکاؤنٹس کی فیلڈ میں 27 سال سے زائد خزانہ کے امور بارے وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ محمد انصر مغل دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی کے پانچویں خزانہ دار تعینات ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی آف جھنگ کے خزانہ دار کی اضافی زمہ داریاں بھی ادا کر رہے ہیں۔