اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ذیلی ادارہ نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (NAHE) نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس (NIBAF)، اسلام آباد میں آئی پی ایف پی کوہورٹ VII کے لیے منعقدہ تین ہفتوں پر مشتمل پروفیشنل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا۔اس تربیتی پروگرام میں 50 نئے پی ایچ ڈی فیلوز کو تدریسی مہارتوں، تحقیقی صلاحیتوں اور تعلیمی قیادت سے متعلق اہم تربیت فراہم کی گئی، جو یونیورسٹی سطح پر مؤثر اور بامقصد کیریئر کے لیے ناگزیر ہے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء الحق تھے۔ انہوں نے معروف ماسٹر ٹرینرز کی جانب سے پیش کیے گئے ماڈیولز کی فکری گہرائی اور جامع ڈیزائن کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت فیلوز کی علمی و پیشہ ورانہ نشوونما میں نہایت اہم کردار ادا کرے گی۔ایچ ای سی کے ممبر (ایچ آر ڈی) محمد رضا چوہان نے ناہے کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ایک جامع، منظم اور نتائج پر مبنی اقدام ہے، جو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کے لیے ابھرتے ہوئے پی ایچ ڈی اسکالرز کو مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرتا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ناہے ڈاکٹر منیر احمد مرجت نے فیلوز سے حلف لیا اور اس بات پر زور دیا کہ وہ تدریسی معیار کی اعلیٰ ترین اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے قوم کی تعلیمی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

