Home ٹیکنالوجی AI ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کے مابین قانونی کشمکش۔۔۔ایلون مسک کا اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے خلاف 134 ارب ڈالر کا دعوی

AI ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کے مابین قانونی کشمکش۔۔۔ایلون مسک کا اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے خلاف 134 ارب ڈالر کا دعوی

اس مقدمے کی سماعت جیوری کرے گی، جو اپریل میں شروع ہونے کی توقع ہے۔یہ مقدمہ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں طاقت، سرمایہ اور اخلاقی اصولوں پر ایک بڑی قانونی جنگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

by Ilmiat

ٹیکنالوجی کے معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے خلاف امریکی وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے دونوں کمپنیوں سے 134 ارب ڈالر تک ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایلون مسک کا مؤقف ہے کہ اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ نے ان کے ابتدائی تعاون اور سرمایہ کاری سے جو “غیر منصفانہ مالی فوائد” حاصل کیے، وہ دراصل انہیں واپس ملنے چاہییں۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق، ایلون مسک کا کہنا ہے کہ 2015 سے اوپن اے آئی کو ان کے تعاون کے نتیجے میں 65.5 ارب سے 109.4 ارب ڈالر تک کا فائدہ ہوا، جبکہ مائیکروسافٹ نے 13.3 ارب سے 25.1 ارب ڈالر تک کے فوائد حاصل کیے۔ یہ دعویٰ مسک نے اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے خلاف متوقع مقدمے کی سماعت سے قبل دائر کیا ہے، جس کا آغاز اپریل میں متوقع ہے۔

ایلون مسک کے مرکزی وکیل اسٹیون مولُو کے مطابق،
“اگر ایلون مسک نہ ہوتے تو اوپن اے آئی وجود میں ہی نہ آتی۔ انہوں نے ابتدائی سرمایہ فراہم کیا، اپنی ساکھ کو استعمال کیا، اور کمپنی کو کاروبار بڑھانے کے طریقے سکھائے۔ ایک ماہر معاشیات نے ان خدمات کی مالی قدر کا تعین کیا ہے۔”

ایلون مسک 2018 میں اوپن اے آئی سے علیحدہ ہو گئے تھے اور اس وقت وہ اپنی کمپنی xAI کے ذریعے چیٹ بوٹ Grok چلا رہے ہیں، جو اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کا مقابل ہے۔ مسک کا الزام ہے کہ اوپن اے آئی نے اپنے قیام کے بنیادی مشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود کو ایک غیر منافع بخش ادارے سے منافع بخش کمپنی میں تبدیل کیا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق، ایلون مسک نے اوپن اے آئی کے ابتدائی مرحلے میں تقریباً 38 ملین ڈالر فراہم کیے، جو اس وقت کی کل ابتدائی سرمایہ کاری کا 60 فیصد تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے عملہ بھرتی کرنے، بانیان کو کاروباری روابط فراہم کرنے اور منصوبے کو ساکھ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

دوسری جانب، اوپن اے آئی نے اس مقدمے کو “بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایلون مسک کی جانب سے ہراسانی کی مہم کا حصہ ہے۔ مائیکروسافٹ کے وکیل نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ مائیکروسافٹ نے اوپن اے آئی کے کسی مبینہ غیر قانونی عمل میں معاونت کی ہو۔

اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ نے ایک علیحدہ عدالتی درخواست میں ایلون مسک کے مالیاتی ماہر کی رپورٹ کو مسترد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ یہ تجزیہ “من گھڑت، ناقابلِ تصدیق اور غیر معمولی” ہے اور جیوری کو گمراہ کر سکتا ہے۔

عدالت کے مطابق، اگر جیوری نے اوپن اے آئی یا مائیکروسافٹ کو قصوروار قرار دیا تو ایلون مسک اضافی جرمانے، تعزیری ہرجانہ (punitive damages) اور ممکنہ عدالتی پابندی (injunction) کا بھی مطالبہ کر سکتے ہیں۔

کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ میں ایک جج نے اس ماہ فیصلہ دیا ہے کہ اس مقدمے کی سماعت جیوری کرے گی، جو اپریل میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ مقدمہ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں طاقت، سرمایہ اور اخلاقی اصولوں پر ایک بڑی قانونی جنگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

You may also like

Leave a Comment