ملک پاکستان کی 79ویں یوم آزادی کے موقع پر معرکہ حق کے نام سے منسوب دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور میں پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم وائس چانسلر دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور نے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق محمود قریشی کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشازیہ انجم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اور پرچم کشائی کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سائرہ ارشاد نے ادا کئے۔ 79ویں یوم آزادی کی مناسبت سے دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی میں طالبات کے مابین تقریری مقابلہ جات میں اول، دوئم آنے والی طالبات نے اپنی تقریریں پیش کیں۔اسی طرح ڈے کیئر سنٹر کے بچوں نے ملی نغموں پر سولو پرفارمنس دیکر حاضرین سے خوب داد سمیٹی ۔

تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ خدا تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں آزاد مملکت خداداد” اسلامی جمہوریہ پاکستان” جیسا خوبصورت وطن عطا کیا جو عظیم نعمت ہے ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو آج 78 برس گزر چکے یہ عرصہ ہماری قربانیوں، جدوجہد اور کامیابیوں کی داستان ہے۔ یومِ آزادی ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم نے اپنے اسلاف کے خوابوں کو حقیقت میں ڈھالنے کے لیے اتحاد، قربانی اور محنت کے سفر کو جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ہم یہ دن معرکۂ حق کے نام سے منا رہے ہیں، وہ معرکہ جس میں سچ نے جھوٹ پر، اور حق نے باطل پر فتح پائی اور یہ سب افواج پاکستان کی وجہ سے ہوا اور آج ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کی بدولت پر امن آزادی کا جشن منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اکیسویں صدی کے اہم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سائنس اور آئی ٹی کی فیلڈز میں تحقیق و ایجادات پر زور دینا ہوگا تبھی ترقی ممکن ہے۔ 79 ویں یوم آزادی کے اس عظیم دن کی مناسبت سے آئیے ہم سب مل کر صدق دل سے یہ عہد کریں کہ ملک کو خوشحال ‘ تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم بنانے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کر دیں گے۔ بعد ازاں شہداء وطن کیلئے فاتحہ پڑھی گئی اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔آخر میں وائس چانسلر کے ہمراہ سب نے مل کر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا اور وائس چانسلر نے سبھی بچوں میں آزادی کی خوشی میں نقدی انعمات سے بھی نوازا۔ تقریب میں پروفیسرڈاکٹر محمد صادق ہاشمی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن ،ڈاکٹر صائمہ انجم رجسٹرار ، محمد انصر مغل خزانہ دار،دی گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی،ڈاکٹر فاطمہ مظہر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز، مس نائمہ بھٹی ڈپٹی ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلی کیشنز ، راشد سلامت اسٹیٹ کیئر آفیسر ، نعمان محمود شیخ اسسٹنٹ پرچیز آفس سمیت دیگر فیکلٹی ممبران ، ایڈمنسڑیشن اور یونیورسٹی طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم نے یوم آزادی کی مناسبت سے یونیورسٹی لائبریری میں تاریخ پاکستان کے حوالے سےلگائے گئے بک اسٹالز کا بھی وزٹ کیا۔
