وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات آن لائن سی ای او زایجوکیشن سے خطاب کر رہے ہیں
وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت پنجاب کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سکولوں میں سہولیات کا فقدان دور کرنے اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر تعلیم نے سکولوں میں کمروں، دیواروں، فلٹریشن پلانٹس، فرنیچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی چھٹیوں کے دوران سہولیات کا فقدان دور کرنے اور سکولوں کو ٹرانسفارم کرنے کیلئے فعال کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں کو ماڈل طرز پر بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز اور ایجوکیشن افسران کی مربوط مشاورت ضروری ہے۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ سکولوں کو سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔ اربوں روپے کے فنڈز ملنا بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ فنڈز کا موثر استعمال اور شفافیت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اس ضمن میں کوالٹی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈپٹی کمشنرز کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ماضی میں 50 لاکھ والا کمرہ 12 لاکھ میں بنا کر ٹیکس کا پیسہ بچا کر دکھایا۔ اسی طرز پر کم لاگت اور شفافیت سے کام کر کے عوامی وسائل کی بچت کی مثال قائم کی جائے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ سکولوں سے فیک انرولمنٹ ختم کر دی ہے۔ اب سی ای اوز کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا درست اور مکمل رکھیں، میں کسی بھی وقت چیک کروں گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔