بنگلہ دیش کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز پر مشتمل ایک اعلیٰ تعلیمی وفد نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہ وفد پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (COMSTECH) کے تحت دورے پر ہے۔اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور بنگلہ دیشی جامعات کے درمیان طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اور دیگر علمی شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے تعلیمی اداروں کو آپس میں تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ خطے کو درپیش مشترکہ چیلنجز کا حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ GCU علمی و تحقیقی میدان میں بنگلہ دیشی جامعات کے ساتھ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ GCU اور بنگلہ دیش کی جامعات کے درمیان مشترکہ ریسرچ، سیمینارز، اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
وفد میں کامسٹیک کے حکام بھی شامل تھے۔ آخر میں مہمانوں کو جی سی یونیورسٹی کی سووینئرز پیش کی گئیں۔ وفد نے جی سی یونیورسٹی کے حکام اور وائس چانسلر کے پرتپاک استقبال پر دلی شکریہ ادا کیا۔