Home بین الاقوامی چین پاکستان میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز قائم کرے گا۔۔۔۔۔۔۔ وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کی اس ضمن چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات

چین پاکستان میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز قائم کرے گا۔۔۔۔۔۔۔ وفاقی سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کی اس ضمن چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات

by Ilmiat

سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت CIIC ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین جناب وانگ ڈانگ کر رہے تھے۔ اس وفد میں CIIC انٹرنیشنل ایجوکیشن ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے جنرل منیجر بھی شامل تھے۔ اس ملاقات میں جوائنٹ سیکریٹری تعلیم سہیل اختر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیکمحمد عامر جان نے بھی شرکت کی۔

سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے چینی وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہمسٹر وانگ ڈانگ پاکستان کے دوست ہیں، جو ہمیشہ پاکستان کو اس کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تعلیم کے شعبے میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ یہ چیلنجز بڑے ہیں، وزارت تعلیم نے ان مسائل کو انتہائی ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تمام دستیاب وسائل کو متحرک کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان نے تعلیم کے شعبے میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت وزارت تعلیم دیگر وزارتوں کے ساتھ مل کر اسکولوں تک رسائی، محدود انفراسٹرکچر، اساتذہ کی تربیت کے معیار اور بچوں کی غذائی ضروریات جیسے مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔

چیئرمین CIIC ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ، وانگ ڈانگ نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں اپنے مراکز قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ نوجوانوں کو تربیت دی جا سکے اور وہ معاشرے کے مفید رکن بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد سی پیک کے تحت پاکستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے والی دیگر چینی کمپنیوں کے لیے مقامی افرادی قوت کو تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اگر وسائل کا درست استعمال کیا جائے تو تمام مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تعلیم کے فروغ میں وزارت تعلیم کی کوششوں کو سراہا۔دونوں فریقین نے پاکستان میں CIIC گروپ کی قیادت میں ٹیکنیکل تربیتی مراکز کے قیام کے لیے عملی اقدامات شروع کرنے کی غرض سے دونوں ممالک کے وزرائے تعلیم کے درمیان ایک ملاقات کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ سیکریٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کو تعلیم کے میدان میں اپنی باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینا چاہیے، کیونکہ اس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے تعلیم کے شعبے کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید تکنیک اور نقطہ نظر اختیار کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیمی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مؤثر آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی نے منفرد چیلنجز کو جنم دیا ہے، مگر وزارت تعلیم نے ہدفی اقدامات شروع کیے ہیں تاکہ مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں طالبات کے لیے “پنک بس پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ ان کی اسکولوں تک رسائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ مزید یہ کہ “اسکول میلز پروگرام” بھی شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد بچوں میں کمزوری اور غذائیت کی کمی جیسے مسائل کو حل کرنا ہے۔سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ وزارت تعلیم نے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے ایک 360 ڈگری نقطہ نظر اپنایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی ہے، جو حکومت کی تمام تعلیمی کوششوں کے لیے رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔

You may also like

Leave a Comment