
:پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں تاریخی اصلاحات کے پہلے سال کے مکمل ہونے اور نئے تعلیمی سال کے لیے انرولمنٹ مہم کے آغاز کے موقع پر گورنمنٹ اے پی ایس شہدا ہائی سکول ماڈل ٹائون میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وزیر اعلی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیر تعلیم نے سٹیم مقابلہ جات میں شاندار کارکردگی دکھانے والے طلبا کو لیپ ٹاپ اور دیگر مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا کو خصوصی انعامات سے نوازا۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں گزشتہ ایک سال تعلیم کے شعبے میں بے مثال رہا۔انہوں نے کہا کہ پہلے سال تعلیمی انقلاب کی بنیاد رکھی گئی ہے اور آنے والے سالوں میں اس بنیاد کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ یہ ایک سال عزم، محنت اور کامیابی کی داستان ہے،مریم نواز نے حلف اٹھاتے ہی تعلیم کے شعبے کو ترجیح دی اور ان کی قیادت میں ریکارڈ تعلیمی اصلاحات کی گئیں۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے طلبا و اساتذہ سے کئے گئے تمام وعدے پورے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے وعدے محض زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ زمینی حقائق میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم سب مل کر تاریخ رقم کریں گے اور وزیر اعلی پنجاب کے ہر خواب کو تعبیر دیں گے۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم کے شعبے کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں اور اساتذہ و طلبا کو بہترین وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال میں20 لاکھ بچوں کو انرول کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے اساتذہ کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی متعارف کرانے اور ان کی اضافی ڈیوٹیاں ختم کرنے کا اعلان کیا۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل سفر پروگرام اور گوگل فار ایجوکیشن کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو ہنر مند بنایا گیا ہے جبکہ سکولوں میں جدید سمارٹ کلاس رومز قائم کیے گئے ہیں۔رانا سکندر حیات نے کہا کہ سکول آئوٹ سورس کرنے کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور انرولمنٹ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار ٹیک ایجوکیشن متعارف کرائی گئی ہے اور نئے تعلیمی سال سے میٹرک ٹیک کا آغاز کیا جائے گا۔تقریب میں اراکین اسمبلی، تعلیم کے محکموں کے سیکرٹریز، اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔