‘ہر فرد کو معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے اور ایک ایسے ماحول کی تشکیل میں مدد دینی چاہیے جہاں خواتین اور مرد یکساں طور پر ترقی کر سکیں, ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وہ سائنس کے میدان میں لڑکیوں اور خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا اہتمام شعبہ کیمسٹری یو ای ٹی لاہور نے کیا۔ جس کی سربراہی چیئرپرسن کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فرحت یاسمین نے کی۔ تقریب میں معروف ماہرین تعلیم، سائنسدانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد سائنس کے میدان میں خواتین اور لڑکیوں کی نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب میں وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم و سائنس میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا اور ان کی ترقی کے لیے یو ای ٹی لاہور کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر اقرا منیر نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ انہوں نے سائنس کے شعبے میں صنفی مساوات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نوجوان خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کامیابی کے لیے پرعزم رہنے کی تلقین کی۔
تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ، ڈاکٹر اسماء سعید چیف سائنٹیفک آفیسر پی سی ایس آئی آر، ڈاکٹر عمارہ ڈار اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ پنجاب اور ڈاکٹر عظمیٰ حرا اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ پنجاب تقریب کے مہمان تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر کو تدریس اور تحقیق کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی پہلی خاتون ڈائریکٹر فزکس انسٹی ٹیوٹ کے طور پر ان کے کردار پر سراہا گیا۔ ڈاکٹر اسماء سعید، جن کے 70 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں، کو خوراک اور بایوٹیکنالوجی میں ان کی غیر معمولی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر عظمیٰ حرا، جو قابل تجدید توانائی کے مواد پر تحقیق میں مہارت رکھتی ہیں، اور ڈاکٹر عمارہ ڈار، جو خواتین کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہیں، کو بھی ان کی شاندار کامیابیوں پر سراہا گیا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا