ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران نے کہا ہے کہ ملک میں امن کے قیام اورانتہا پسندی کے خاتمے کے لئے سب کومثبت کردار ادا کرنا ہونا ہوگا۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلباء کے زیر اہتمام سکیورٹی پرمنعقدہ آگاہی تقریب سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود،ڈی جی پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ریحان صادق شیخ، ڈائر یکٹر شعبہ امور طلباء ڈاکٹر شاہزیب خان، چیئرمین ہال کونسل ڈاکٹر محبوب حسین، فیکلٹی ممبران،پولیس افسران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران نے کہا کہ آگاہی مہم کامقصد عوام اور پولیس کے درمیان رشتے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء پاکستان کا سرمایہ ہے جن کی درست رہنمائی ملک کو آگے لے جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کی طرف سے کھلی کچہریاں لگائی جا تی ہیں جس میں سائل دوپہر 12بجے تا2بجے تک اپنے مسائل کے تدارک کے لئے آ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی دوسرے ملک چلے جائیں توکوئی قانون شکنی کی جرات نہیں کرتاجبکہ پاکستان میں قانون ہونے کے باجود لوگ اس پر عمل نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ پتنگ اڑانا غیر قانونی ہے مگر لوگ پرواہ نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ضروری ہے لیکن اس پر بھی عمل نہیں ہوتا اورحادثات کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے کہ ہماری بچیاں سڑکوں پر خود کو محفوظ تصورکر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی پروگرام کے انعقادپر پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ اداروں اور عوام کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے کے لئے ایسی تقاریب خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قوانین موجود ہیں لیکن مسئلہ عمل درآمد کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ملک میں امن و سلامتی کے لئے ہمیشہ اداروں کے ساتھ ہے۔ ڈاکٹر شاہزیب خان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کاشعبہ امور طلباء اپنے نوجوان طلباء کی رہنمائی کے لئے متحرک کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلباء پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔
ملک میں امن کے قیام اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے سب کومثبت کردار ادا کرنا ہونا ہوگا، ڈی آئی جی آپریشنز
9