لاہور (17دسمبر،منگل): پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام رواں برس ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاکیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرووائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود، صدر آساڈاکٹر امجد عباس مگسی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد اسلام اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے شروع کیا گیا سلسلہ لائق تحسین ہے،جس کے لئے پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن مبارک باد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو لازمی طور پر اپنے ریٹائرڈ اساتذہ کا شکر گزار رہناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ بہت قابل ہیں جن کی معاونت سے ادارے کو بہت فرق پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتا بلکہ ریسرچ کو فروغ دینے کے لئے زیادہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ڈاکٹر امجد عباس مگسی نے کہا کہ کامیاب تقریب کے انعقاد کیلئے تعاون پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن نے اپنے منشور کے مطابق اساتذہ کی خدمات کو سراہنے کا جو سلسلہ شروع کیا وہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقاریب سے محبت، اخوت اورباہمی احترام کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آساپنجاب یونیورسٹی اساتذہ کی خدمت کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکرتی رہے گی۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد علی نے ریٹائرڈ اساتذہ کواعزازی شیلڈز پیش کی۔
پنجاب یونیورسٹی آسا کے زیر اہتمام ریٹائرڈ اساتذہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد
19