یو ای ٹی لاہور میں پروفیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن (PEF) اور فنانشل ایڈ اینڈ کیریئر سروسز (FACS) آفس کے تعاون سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد طلباء کو کیریئر کی ترقی کے لیے سی وی لکھنے، کمیونیکیشن اسکلز اور شخصیت کی ترقی جیسی ضروری مہارتیں فراہم کرنا تھا۔
وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر شاہد منیرپروگرام کے مہمان خصوصی تھے جبکہ معروف کیریئر ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ سہیل صدیقی نے بطور مہمان مقرر شرکت کی اور طلباء سے خطاب کیا۔ڈاکٹر شاہد منیر نے انٹرویو کی تکنیک اور جاب مارکیٹ میں خود کو پیش کرنے کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے خود کو برانڈ بناکر پیش کرنے اور جاب انٹرویوز میں پائیدار تاثر قائم کرنے کے لیے عملی حکمت عملی فراہم کی۔ ”اپنے آپ کو مؤثر طریقے سے پیش کرنا آج کے مقابلہ جاتی دور میں نمایاں ہونے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے،جو نا صرف آپ کی تعلیمی قابلیت بلکہ آپ اپنی مہارتوں، رویے، اور منفرد قدروں کو ملازمت دینے والے کے سامنے کس طرح پیش کرتے ہیں دونوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔
اپنے خطاب میں سہیل صدیقی نے طلباء کو سلسلہ وار انٹرایکٹو مشقوں کے ذریعے رہنمائی فراہم کی تاکہ وہ مؤثر سی وی تیار کر سکیں، اپنی کمیونیکیشن اسکلز کو بہتر بنا سکیں اور اپنی پیشہ ورانہ موجودگی کو نکھار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ سافٹ اسکلز اور ذاتی برانڈنگ اتنی ہی اہم ہیں جتنی کہ ٹیکنیکل مہارتیں۔ پی ای ایف اور ایف اے سی ایس کے درمیان یہ تعاون دونوں اداروں کے مابین اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ یو ای ٹی کے طلباء کو بااختیار بنائیں اور انہیں جدید جاب مارکیٹ کی پیچیدگیوں سے نمٹنے میں مدد ملے۔ سیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے پی ای ایف کے معزز مہمانوں کو ایک یادگاری شیلڈز سے نوازا۔