:وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ دنیا کو درپیش مسائل کے تدارک کے لئے تحقیق کا فروغ ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف باٹنی کے زیر اہتمام پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع ڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف باٹنی پروفیسر ڈاکٹر عبدالناصر خالد، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں قائم شعبہ باٹنی پاکستان کا قدیم ترین ادارہ ہے جس نے ایک صدی کا سفر طے کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ باٹنی سے فارغ التحصیل ہونے والے گرایجوئیٹس دنیا بھر میں پاکستان اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سو سال پہلے اس ادارے کے قیام کیلئے کوشش کرنے والے تمام افراد خراج تحسین کے مستحق ہیں اور ہمیں ان کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیارِ تعلیم کے باعث شعبہ باٹنی عالمی درجہ بندی میں شمارہونا قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا بطور سائنسدان دور جدید میں چیلنجز کا حل پیش کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ڈگری لینے والے طلباؤطالبات ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارک باد پیش کی۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالناصر خالد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ باٹنی کا صد سالہ قیام اور پہلے کانووکیشن کا انعقاد یقینا ہمارے لئے تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہاکانووکیشن میں پی ایچ ڈی، ایم ایس،ایم فل اور بی ایس باٹنی کے 150سے زائد طلباؤطالبات کو ڈگریاں دی جارہی ہیں۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے سے سیکھے ہوئے علم کو عملی میدان میں بروئے کار لا کر ملک وقوم کی خدمت کریں۔پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کے تعاون پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ادارے کو سو سا ل مکمل ہونے اور خوبصورت تقریب کے انعقاد پر ڈاکٹر عبدالناصر خالد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کامیاب طلباؤطالبات کو ڈگریاں پیش کیں۔
دنیا کو درپیش مسائل کے تدارک کے لئے تحقیق کا فروغ ضروری ہے……….،وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود
36