رحیم یار خان: وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ، لیفٹیننٹ کمانڈر (نیوی )افتخار احمد،ڈاکٹر محمد صغیرجشن آزادی کا کیک کاٹتے ہوئے
خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پاکستان کے 77ویں یوم آزادی پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ ،پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ کمانڈر افتخار احمد اور دیگر افسران شریک ہوئے۔پرچم کشائی کی دلفریب تقریب میں یونیورسٹی گارڈز کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی جب کہ وائس چانسلر ، نیوی کے لیفٹیننٹ کمانڈر، رجسٹرارڈاکٹر محمد صغیر اوراساتذہ پرچم کشائی کا حصہ بنے۔قبل ازیں جامعہ کے مختلف حصوں میں خصوصی شجر کاری بھی کی گئی ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا وطن کو بنانے، بچانے اوراس کی تعمیرو ترقی میں کردار ادا کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے کہا کہ سب سے پہلے تمام اہلیان وطن کو پاکستان کا جشن آزادی مبارک ہو۔آج کے دن جوخوشی ہمیں ملی ہے اس کو ہمیں اور ہماری نسلوں کو تاعمر یاد رکھنا ہے۔ ہمیں یہ یاد رکھنا ہے کہ اس عظیم وطن کے حصول کی جدوجہد میں کتنے لوگ بچھڑگئے، الگ ہوئے، شہید ہوئے ، قربان ہوئے۔ آج ہمیں ان سب کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا آج کا دن ہمیں سب سے زیادہ قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے ساتھیوں کے ہم پر احسان کو یاد کرنے کا دن ہے کہ انہی کی کاوشوں سے ہی ہم آج ایک آزاد ملک کی آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اس ملک کو بنانے والوں، اس کی حفاظت کرنے والوں اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے والے تمام افراد کا شکریہ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ کمانڈر افتخار احمدنے کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں ایک ہی قوم کے لوگ آباد ہیں جب کہ پاکستان میں مختلف اقوام ایک گلدستہ کی مانند بستے ہیں۔ وردی والے ہوں یا بغیر وردی والے ملکی ترقی میں تمام پاکستانیوں کا بھرپور کردار ہے۔ انہوں نے کہا ہم سب کو مل کر چلنا ہے ،ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ طریقہ ہے جس سے ملک آگے بڑھے گا۔انہوں نے شاندار تقریب کے انعقاد پر خواجہ فرید یونیورسٹی کی انتظامیہ کو سراہا ۔ ان کا کہنا تھا خواجہ فرید یونیورسٹی کا ڈسپلن ، یہاں کے اساتذہ و طلبہ کی لگن متاثر کن ہے۔بعدازاں کیک کاٹا گیا، وائس چانسلر نے بچوں کے ساتھ تصاویر بنائیں اور آزادی کی مبارکبادوں کا تبادلہ ہوا۔ آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر ، ڈاکٹر بدرالسلام ،ڈاکٹر شاہد عتیق، ڈاکٹر یاسر نیاز، ڈاکٹر بلال طاہر، ڈاکٹر اسلم خان، ڈاکٹر جلات خان، ڈاکٹر محمد انور فاروق، ڈاکٹر محمد طارق، ڈاکٹر حبیب سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور سٹاف کی بڑی تعداد موجود تھی۔