U.S. Chargé d’affaires Andrew Schofer
:قائم مقام امریکی سفیر اینڈریو شوفر نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور یوٹاہ یونیورسٹی کے پروفیسرز کے ہمراہ اسلام آباد میں تین روزہ بین الاقوامی اجلاس کا افتتاح کیا۔اس اجلاس میں 180 سے زائد پاکستانی اور امریکی یونیورسٹیوں کے سربراہان اور اساتذہ کو اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، طلباء کےلئے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے اور شراکت داری قائم کرنے کے لئے اکٹھا کیا گیا۔ یہ سمٹ یو ایس اے آئی ڈی کی 19 ملین ڈالر مالیت کی ہائر ایجوکیشن سسٹم سٹرینتھننگ ایکٹیویٹی کا حصہ ہے جو 16 پاکستانی پبلک یونیورسٹیوں کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتری اور طلباء کو فراہم کی جانے والی خدمات کو بہتر بنانے میں معاونت کرتی ہے۔
امریکی چارج ڈی افیئرز اینڈریو شوفر نے پاکستان کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اہم کردار پر زور دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے، جب یونیورسٹیاں مساوی تعلیم فراہم کرتی ہیں، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہیں اور عملی تحقیق اور اختراع میں رہنمائی کرتی ہیں تو افراد اور معاشرہ دونوں خوشحال ہوتے ہیں۔چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے یوٹاہ یونیورسٹی اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے درمیان ہونے والے خیالات کے تبادلوں اور اس مضبوط شراکت داری کو سراہا۔