:فیکلٹی آف جیو انفارمیشن اینڈ ارتھ آبزرویشن، یونیورسٹی آف ٹوئنٹی (آئی ٹی سی) ہالینڈ کے ایک وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کا دورہ کیا۔ ایچ ای سی کے اپنے دورہ میں وفد نے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد اور ایچ ای سی کے دیگر سینئر افسران سے ملاقات کی۔
ایچ ای سی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یونیورسٹی آف ٹوئنٹی (آئی ٹی سی ) کی جیو انفارمیشن اینڈ ارتھ آبزرویشن کی فیکلٹی کے سربراہ ڈاکٹر مارک وین ڈیر میجدے کی قیادت میں ڈچ وفد کے دورے کا مقصد خاص طور پر قدرتی وسائل کے شعبوں مائنز اور منرلز، جیو انفارمیٹکس اور جیو اے آئی، جیو انفارمیشن پروسیسنگ، قدرتی خطرات کا انتظام، اپلائیڈ ارتھ سائنسز، اور آبی وسائل میں پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون کے مواقع تلاش کرنا تھا ۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ہالینڈ کی ٹیم مختلف پاکستانی محکموں کے دوروں کی روشنی میں ایچ ای سی اور پاکستانی یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ طور پر اشتراک بڑھانے کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے تجاویز تیار کرے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی پاکستانی یونیورسٹیوں کو غیر ملکی شراکت داروں کے ساتھ باہمی طور پر فائدہ مند مشترکہ پروگرام اور اقدامات تیار کرنے کے لئے تعاون کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی مختلف انسانی وسائل، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور محققین کی سہولت کیلئے مختلف پروگرام چلا رہا ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے غیر ملکی شراکت داروں کے ساتھ اکیڈمی اور صنعت کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے قدرتی وسائل پر وفود کے ساتھ ایک پریزنٹیشن بھی شیئر کی۔ ڈاکٹر مارک وین ڈیر میجدے نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد پاکستانی اداروں کے ساتھ کام کرنا اور مشترکہ منصوبوں کے لئے شعبوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سی کے اہداف میں تربیتی کورسز کے لئے تعاون کو فروغ دینا، ریموٹ سینسنگ اور جیو انفارمیشن سسٹم میں تکنیکی مدد، ڈگری پروگرامز خاص طور پر مختلف شعبوں میں ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سی پہلے ہی پشاور یونیورسٹی بالخصوص نیشنل سینٹر آف ایکسی لینس ان جیولوجی کے ساتھ 2005 سے تعاون کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سی نے پاکستان سے بہت سے ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی امیدواروں کی میزبانی کی ہے اور ڈومینز میں پاکستان میں متعدد کورسز ارضیاتی، پانی، اور قدرتی وسائل، خوراک کی حفاظت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، شہری منصوبہ بندی اور جیو انفارمیٹکس کرائے ہیں۔ وفد میں ڈاکٹر ہرالڈ وین ڈیر ویرف، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور برونو پورٹیلا، آئی ٹی سی کے تین سابق طالب علم ڈاکٹر لیاقت علی، ڈائریکٹر نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان جیولوجی پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر محمد شفیق اور اسسٹنٹ پروفیسر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر سعد خان شامل تھے۔
ایڈوائزر (کوالٹی ایشورنس) ایچ ای سی اویس احمد اور ڈائریکٹر جنرل (سکالرشپس) عائشہ اکرام اور ڈی جی (اٹیسٹیشن اینڈ ایکریڈیشن) ڈاکٹر امجد حسین ملاقات میں شامل تھے۔