خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں مختلف قوائد و ضوابط طے کئے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کی یونیورسٹیوں کے تعلیمی، تحقیقی اور مالی و انتظامی امور سمیت دیگر تمام معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلایا جا سکے۔ اعلی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی فراہمی صوبے کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے یونیورسٹیوں کو درپیش مالی مشکلات کو حل کرنے میں معاونت سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کے لئے حکومتی سطح پرہر ممکن اقدمات اٹھائے جارہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی میں بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے ہزارہ یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کیا ۔انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز ،مختلف فیکلٹیز کے ڈینز اور پروفیسرز سے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تعمیراتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔صوبائی وزیر نے ہزارہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم کچھ طلبا و طالبات کے سکالر شپ کے مسائل کو صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ اٹھانے کا عندیہ دیا اور کہا کہ طلباء کو بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری جس کے لئے تمامتر کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں ۔صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا قومی سطح پر معاشی اور معاشرتی ترقی میں کردار کے حوالے سے کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے ORICاور QAC دفاتر معیاری تعلیم ، تحقیق اور یونیورسٹی کے صنعتی یونٹس سے روابط سمیت دیگر کاروباری اداروں سے وابستگی کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ مذکورہ دونوں دفاتر اپنا مثبت اور بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مالیاتی نظم و ضبط کی تعریف کی اور یونیورسٹی کی مالی حالت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔انہوں نے یونیورسٹی طلبا کی تعلیمی مشکلات کے حل اور انہیں دیگر سہولیات فراہم کرنے پر وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ طلبا کی مدد کرنے اور ان کی رہنمائی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں جو قابل تحسین ہے۔انہوں نے وائس چانسلر کو طلبا کی فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات کرنے کے بارے میں متعدد تجاویزبھی دیں ۔اس موقع پر مانسہرہ کے ایم پی اے اکرام غازی اور سیاسی شخصیت کمال سلیم سواتی، یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
All reactions:
100100