Home کانفرنسز / کانووکیشن  انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فزکس کے شعبے میں جدید رجحانات پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز 

 انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فزکس کے شعبے میں جدید رجحانات پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز 

by Ilmiat

انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فزکس کے شعبے میں جدید رجحانات پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔برٹش کونسل پاکستان اور کوئین میری یونیورسٹی لندن برطانیہ کے اشتراک سے ہونے والی اس بین الاقوامی کانفرنس میں برطانیہ اور پاکستان بھر کی جامعات سے آئے ہوئے مندوبین شریک ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کانفرنس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تدریس و تحقیق کے اعلیٰ معیار کے لیے سرگرم عمل ہے۔ سائنسی شعبہ جات میں ہمارے اساتذہ،محققین اور طلباو طالبات گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان شعبوں سے فارغ التحصیل ایلومینائی ملک اور بیرون ملک سرکاری اور نجی شعبے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کانفرنس کے مندوبین کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پور میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ فزکس کے شعبے کے نامور ماہرین دو روزہ کانفرنس کے دوران اس شعبے میں ہونے والی تدریس و تحقیق اور جدید ترین سائنسی رجحانات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ہمارے اساتذہ اور طلباو طالبات کو مستفید کریں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھیمیٹیکل سائنس و ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس نے کہا کہ شعبہ فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور 1977میں قائم ہوا اور سال 2020 میں انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کا درجہ دیا گیا۔ اس وقت انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں 11 شعبہ جات میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر برٹش کونسل پاکستان، کوئین میری یونیورسٹی لندن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے برٹش کونسل پاکستان کی نمائندہ وردہ ڈار نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ فیکلٹی ایکسچینج، وظائف کی فراہمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں برطانوی جامعات سے تعاون پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اعلیٰ درجے کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے کے ذریعے تعاون و اشتراک جاری رہے گا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ایلن ڈریونے کلیدی خطبہ دیا۔ کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر کنیز فاطمہ نے دو روزہ کانفرنس کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ 7 متوازی سیشنز منعقد ہوں گے۔ پہلے سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد بہا ء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر افاق احمد پنجاب یونیورسٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر اجاب خان کاسی یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ، ڈاکٹر محمد ابرار اسلامیہ یونیورسٹی کالج پشاور، پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق کامسٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس اور ڈاکٹر محمد ریاض پنجاب یونیورسٹی لاہور نے خطاب کیا۔ دوسرے سیشن میں ڈاکٹر سمیرا اشرف، ویمن یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر فیاض حسین بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر خلیل احمد ایمرسن یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر نیاز احمد بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ثمن فاطمہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، عروج شاہین  اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، ارم فدا ویمن یونیورسٹی ملتان اور پروفیسر ڈاکٹر نور الہدیٰ نے خطاب کیا۔

You may also like

Leave a Comment