وکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور شعبہ ہیومین نیوٹریشن نے باہمی اشتراک سے ایک سیمینار منعقد کیا جس میں مختلف اداروں سے آئے ہوئے مقررین نے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے فوڈ کا کاروبار شروع کرنے اور اس کو فروغ دینے کے حوالے سے عملی تجاویز دیں۔
سیمینار کا آغاز یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے مہمان اسپیکرز اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے مقاصد پہ بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے آج یہا ں پہ فوڈ سائنسز کے ماہرین، محققین اور طلباء کو اکٹھا کیا ہے تاکہ سب مل کر فوڈ کے کاروبار کی ترویج کےلیے نئے آئڈیاز اور پراجیکٹس پہ کام کر سکیں۔
سیمینار کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر میاں کامران شریف تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مختلف انواع کی خوراک اور اس کے کاروبار کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے طلباء کی ہدایت کی کہ وہ جدید علوم کو سیکھیں اور فوڈ سائنس میں ہونے والی تحقیق سے خود کو آشکار رکھیں تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اپنے ذاتی کاروبار شروع کرنے اور چلانے کے قابل ہو سکیں۔
یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے ہی ایک اور مقرر ڈاکٹر عدنان مختار نے آلو کے گودے اور چھلکوں سے مختلف پراڈکٹس بنانے اور ان کو بیچنے پہ بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ آلو کے چھلکے سے شوگر کے مریضوں کےلیے بسکٹ، بچوں کے سیریلز اور مختلف کاسمیٹکس بنائی جا سکتی ہیں اور طلباء ان کو آن لائن بیچ کر اچھا پیسہ کما سکتے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنی ایک تحقیق پہ پیش کی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ کی کلینیکل نیوٹریشنسٹ نے شرکاء کو بتایا کہ کس طرح وہ اپنی خوارک میں چند تبدیلیاں کر کے بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے مختلف اجناس کو استعمال کر کے لوگوں کی ضروریات کے حساب سے فوڈ پراڈکٹس بنانے پہ بات کی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی آفیسر طاہر ہ کلثوم نے ضلع میں تازہ، ملاوٹ سے پاک اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی پیدوار اور فروخت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔
سیمینار کے منتظمین ڈاکٹر سبیحہ عباس اور ڈاکٹر شہزاد اقبال نے طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ دوران ڈگری اور تعلیم مکمل ہونے کے بعد نوکریاں تلاش کرنے کی بجائے اپنے ذاتی کاروبار شروع کرنے کےلیے کاوش کریں۔
اوکاڑہ یونیورسٹی میں فوڈ کے کاروبار کے فروغ دینے کے حوالے سے سیمینار……..مقررین نے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کاروبار شروع کرنے کی ترغیب دی
34