Home Uncategorized وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا اچانک دورہ……وزیر تعلیم کا سکول کی بیشتر سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار…….وزیر تعلیم کا ایک ماہ میں اساتذہ کے 10 ماہ کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا اعلان

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا اچانک دورہ……وزیر تعلیم کا سکول کی بیشتر سہولیات پر عدم اطمینان کا اظہار…….وزیر تعلیم کا ایک ماہ میں اساتذہ کے 10 ماہ کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا اعلان

by Ilmiat

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے گورنمنٹ ہائی سکول ہئیر کا سرپرائز دورہ کیا۔ سکول انتظامیہ وزیر تعلیم کے دورہ سے لاعلم تھی۔ رانا سکندر حیات کی اچانک آمد سے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ سکول میں سہولیات کے فقدان پر ہیڈ ماسٹر و دیگر عملہ وزیر تعلیم سے نظریں بھی نہ ملا سکا۔ رانا سکندر حیات نے سکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور بیشتر سہولیات پر عدم اطمینان کا بھی اظہار کیا۔ رانا سکندر حیات نے غیر تسلی بخش سہولیات پر سکول انتظامیہ کی سخت سرزنش بھی کی۔ وزیر تعلیم نے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے غیر فعال ہونے، واش رومز اور پلے گرائونڈ کی ابتر حالت پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے سکول پرنسپل اور سی ای او سکولز کو ایک ہفتہ میں تمام سہولیات فنکشنل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری سکولوں کی سہولیات چیک کرنے کیلئے سرپرائز دوروں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی عہدہ سنبھالتے ہی سکولوں کو بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سکولوں کے حالات درست کرنے کیلئے میرے سرپرائز دورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور معیاری سہولیات دینا پنجاب حکومت کا ویژن ہے۔ رانا سکندر حیات نے تمام پرنسپلز کو متنبہ کیا کہ اپنے اپنے سکولوں کے حالات فی الفور درست کریں۔ کسی بھی سکول میں سہولیات میں کمی ناقابل برداشت ہے۔ اس سلسلے میں کسی کو معافی نہیں ملے گی۔

……..2…….

وزیر تعلیم کا ایک ماہ میں اساتذہ کے 10 ماہ کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا اعلان
اساتذہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے ٹیچر کمپلینٹ پورٹل بنانے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ رانا سکندر حیات

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے نان فارمل سکولوں کے اساتذہ نے ملاقات کی اور اپنے پیشہ ورانہ مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ اساتذہ نے صوبائی وزیر کو بالخصوص گزشتہ 10 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے حوالے سے بھی آشکار کیا اور اس ضمن میں فوری ایکشن لینے کی درخواست کی۔ رانا سکندر حیات نے موقع پر ہی سیکرٹری نان فارمل ایجوکیشن سے رابطہ کیا اور معاملے کی حساسیت پر تفصیلی مشاورت کی۔ اساتذہ کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے سیکرٹری لٹریسی کو مسئلے کے فوری حل کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے اور آئندہ 20 سے 30 دنوں میں اساتذہ کو 10 ماہ کی تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہمارے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اسی ضمن میں اساتذہ کے مسائل سے آگاہی کیلئے ٹیچر کمپلینٹ پورٹل اور سٹیزن کمپلینٹ پورٹل بنانے پر کام جاری ہے۔ انہیں ان کے حقوق سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا اور اساتذہ کے ساتھ گذشتہ 5 سالوں میں کی جانے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کی تنخواہوں سمیت دیگر مسائل کے ازالے کیلئے ہر فورم پر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے اساتذہ اور تعلیمی نظام کے ساتھ جو زیادتیاں کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ گذشتہ حکومت نے بوٹی مافیا اور کتابوں کے مافیا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پروان چڑھنے میں مدد دی۔ اساتذہ اور تعلیمی نظام کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کی وجہ سے آج نان فارمل سکولوں کے اساتذہ گذشتہ 10 ماہ سے تنخواہوں جیسے جائز حق سے محروم ہیں جبکہ سنگل ٹیچر سکولز بھی گذشتہ حکومت کی ناکام تعلیمی پالیسیوں کو چیخ چیخ کر بیان کر رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت مریم نواز کی قیادت میں عثمان بزدار اور مراد راس کے تعلیمی نظام کے ساتھ کئے گئے ناروا سلوک کے اثرات ختم کریں گے اور اساتذہ کو ان کے تمام جائز حقوق دلوائیں گے۔ دریں اثناء آکسفورڈ پریس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ آئندہ سے نصاب سازی اور نصابی کتب کی پرنٹنگ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی جبکہ کتابوں کی تیاری اور ٹینڈر جیسے معاملات میں تاخیر جیسے مسائل سے بھی سختی سے نبٹا جائے گا۔

You may also like

Leave a Comment