:نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے،ہمیں اپنی توجہ تعلیمی شعبے پر دینے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار نے انہوں نے بطور مہمان خصوصی جمعرات کو یہاں ایوان اقبال میں لاہور لیڈز یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر لاہور لیڈز یونیورسٹی ندیم بھٹی،چیئرمین بورڈ آف گورنرز میاں ظہور وٹو سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔کانووکیشن میں1080 طلبا وطالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر دلی خوشی ہوئی ہے، کانووکیشن ایک یادگار موقع ہوتا ہے،اس روز طلبا و طالبات اپنی محنت کا ثمر حاصل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے،نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں،امید ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں میں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کام کریں،اس سے ایک پڑھی لکھی نسل پروان چڑھ سکتی ہے جو پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری،نجی اور مدارس تین طرز کی تعلیم دی جا رہی ہے،جو ملک میں تین مختلف طبقات پیدا کر رہے ہیں۔مدد علی سندھی نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور سکول سے باہر بچوں کو واپس لانا ہے۔انہوں نے کہاکہ لیڈز یونیورسٹی معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے،ایسے تعلیمی اداروں کی ملک کو اشد ضرورت ہے۔آخر میں مہمان خصوصی نے طلبا وطالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں ۔