شعبہ عربی فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عرابیک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان عربی زبان کی ترویج اور حل کا آغاز ہو گیا۔ کانفرنس میں الجیریا، مصر، نائجیریا اور پاکستان کی مختلف جامعات سے آئے ہوئے 100سے زائد عربی زبان کے ماہرین، محققین اور اساتذہ شریک ہیں۔ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ عربی زبان کی آفاقیت اور قدرو منزلت ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔ اور زبانوں کی دنیا میں جو مقام عربی زبان کو حاصل ہے وہ کسی اور کو حاصل نہیں۔ قرآن و حدیث اور دینی علوم کے علاوہ بہت سے ممالک کی سرکاری زبان ہے اور دنیا کے بہترین ادب تک رسائی کا ذریعے ہے۔ عربی زبان دنیا میں رابطے کی تیسری بڑی زبان ہے اور قدامت اور جدت سے مزین ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ شعبہ عربی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تاریخی جامعہ عباسیہ کے دور سے عربی زبان کی ترویج اور ترقی کے لیے خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عرابیک اسٹڈیز اور شعبہ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن اور منتظمین کی محنت کامرہون منت ہے۔دنیا کے مختلف ممالک اور پاکستانی جامعات سے کثیر تعداد میں عربی زبان کے ماہرین کی شرکت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے جس کے لیے ہم شکرگزار ہیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کہا کہ شعبہ ہذا میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح پر عربی زبان میں اعلیٰ سطح کی تدریس و تحقیق کا سلسلہ جاری ہے۔ شعبہ کی جانب سے پہلی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد اور برادر عرب ممالک،پاکستانی جامعات اور اداروں سے نابغہ روز گار شخصیات کی شرکت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے لیے فخر اور انتساب کا باعث ہے۔ افتتاحی سیشن میں ڈاکٹر احمد جعفری نائب رئیس الجمع الجزائری شعبہ العربیہ، پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا، پروفیسر ڈاکٹر سلیم طارق سابق وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے خطاب کیا۔پہلے سیشن میں جام آفتا ب حسین ایڈیشنل کمشنر بہاول پور، سید لیاقت علی گیلانی ڈائریکٹر ریونیو چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بہاول پور اور مہمان خصوصی ملک اللہ بخش کلیار ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان نے خطاب کیا۔ دوسرے سیشن میں ڈاکٹر احمد جعفری نائب رئیس الجمع الجزائری شعبہ العربیہ الجزائری، حافظ عبدالرحیم شعبہ عربی بہاء الدین زکر یا یونیورسٹی ملتان، عبدالقدیر شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی لاہور نے خطاب کیا۔ تیسرے سیشن میں حامد اشرف حمدانی رئیس قسم شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی لاہور، عذرا پروین شعبہ عربی بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے خطاب کیا۔ چوتھے سیشن میں محمد دیاب غزاوی رئیس قسم شعبہ عربی جامعہ فیوم مصر، ابوبکر شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی لاہور، طاہرہ صدیقہ شعبہ عربی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے خطاب کیا۔
عرابیک اسٹڈیز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام پہلی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان عربی زبان کی ترویج اور حل کا آغاز
43