انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نےکہا ہےجامعہ اسلامیہ خود کفالت کی منزل حاصل کر چکی ہے۔ اس وقت یونیورسٹی اپنے 90فیصد اخراجات اپنے وسائل اور ذرائع سے پورے کر رہی ہے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان کے کنٹرولر نیوز پنجاب سجاد پرویزسے حالات حاضرہ کے پروگرام لاہور انسائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ موسم خزاں کی داخلہ مہم کے بعد اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں طلباء وطالبات کی تعداد 75ہزار ہو جائے گی یہ یونیورسٹی اب پاکستان کی طلباء کے لحاظ سے سب سے بڑی یونیورسٹی بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ کے ثمرات سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے تمام ملازمین اور اساتذہ بھی مستفید ہوں گے ۔ یونیورسٹی میں بجٹ کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لئے رقم مختص کر لی گئی ہے۔ 1سے 16گریڈ تک کے ملازمین کوتنخواہوں میں 35فیصد اور 17سے اوپر گریڈز میں 30فیصد اضافہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا بجٹ معیار تعلیم ، بہترین ریسرچ اور ملازمین اور طلباء وطالبات کی فلاح وبہبود پر مرکوز ہو گا۔ وائس چانسلر نے وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ (پیف) کے اجراء کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دور میں پیف کا اجرا ء کیا تھا اب یہ ویلفیئر سکیم وفاقی سطح پر بھی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعات کے طلباء وطالبات بھی اس سکیم سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نئے کیمپسز بھی قائم کر رہی ہے جس میں خان پور کیمپس اور گورنر پنجاب کی ہدایت پر حاصل پور کیمپس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وائس چانسلر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اور دنیا کی بہترین جامعات کی طرز پر سمر سمسٹر کا آغاز کیا گیا ہے۔ سمر سمسٹر یونیورسٹی ایکٹ ، اکیڈمک و دیگر قواعد وضوابط کے مطابق ہے۔ اس سے یونیورسٹی میں افرادی قوت اور وسائل کا بہترین استعمال ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سمر سمسٹر کلاسز ائیر کنڈیشنڈ ہوں گی تاکہ اساتذہ اور طلباء وطلبات موسمی سختیوں سے محفوظ رہ سکیں ۔ سمر سمسٹر مکمل طور پر تدریسی سرگرمیوں پر مبنی ہوگا تاکہ طلباء وطالبات یکسو ہو کر تعلیم جاری رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک طلباء وطالبات کا سمر سمسٹر کے لئے رجحان بہت زبردست ہے اور یہ سمسٹر اعلی معیار تعلیم اور تدریسی روایات میں بہترین باب کا اضافہ ثابت ہوگا۔
جامعہ اسلامیہ خود کفالت کی منزل حاصل کر چکی ہے۔ ………اس وقت یونیورسٹی اپنے 90فیصد اخراجات اپنے وسائل اور ذرائع سے پورے کر رہی ہے۔
47