یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈیپارٹمنٹ آف کیمیکل انجینئرنگ نے ایس این جی پی ایل کے تعاون سے پاکستان کے گیس سیکٹر میں چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں ایس این جی پی ایل کی سٹیئرنگ کمیٹی، انڈسٹریل ایڈوائزری بورڈ کے ممبران، سابق طلباء ایڈوائزری بورڈ ممبران، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔ سیمینار کے ذریعے طلبا کو ماہرین کے ساتھ گفتگو کرنے اور قدرتی گیس کی صنعت میں درپیش چیلنجوں اور مواقع کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کیا گیا ۔ اس سیشن کا مقصد طلباء کو پاکستان میں قدرتی گیس کی صنعت کو درپیش موجودہ چیلنجز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے فنڈز سے چلنے والے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دینا تھا۔ سیمینار کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا ، شعبہ کیمیکل انجینئرنگ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر صائمہ یاسین نے اپنے شعبہ کی کارکردگی پر گفتگو کی ۔ سیشن میں فکلیٹی ممبران نے ایس این جی پی ایل کی مالی معاونت سے چلنے والے قدرتی گیس نکالنے ، نقل و حمل اور تحقیقی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔ سیمینار سے جی ایم کیو اے ، امجد ممتاز ، جی ایم منصوبہ بند ی و ترقی فرخ مجید نے قدرتی گیس کی صنعت کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور نے ایس این جی پی ایل کی ٹیم اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا، یہ تقریب مجموعی طور پر قدرتی گیس کے شعبے میں تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے میں ایک بڑی کامیابی تھی۔
پاکستان میں گیس سیکٹر کو درپیش چیلنجز……. یو ای ٹی لاہور میں سیمنار کا اہتمام
54