اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پنجاب کی پہلی یونیورسٹی ہے جسے ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وژن کے مطابق سال 2020میں محکمہ صحت حکومت پنجاب کے تعاون سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں بڑے پیمانے پر ہیپاٹائٹس ٹیسٹنگ، سکرینگ اور ویکسی نیشن کاآغاز کیا گیا۔ ابتداء میں جامعہ کے 22ہزار اساتذہ، ملازمین اور طلباء وطالبات کے ٹیسٹ ہوئے اور ویکسین کا آغازہوا۔ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پنجاب کی جامعات میں واحد یونیورسٹی ہے جو ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی ہے۔ گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن کچھ عرصہ قبل اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور تشریف لائے تو انہیں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں گزشتہ تین برس میں ہونے والی انٹی ہیپاٹائٹس مہم کے بارے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیاکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں داخلوں کے موقع پر تمام طلباء وطالبات کی ہیپاٹائٹس سکرینگ ہوتی ہے اوریونیورسٹی کے تمام 60ہزار سے زائد طلباء وطالبات، اساتذہ اور ملازمین اس بیماری سے محفوظ ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اس مہم کے فوکل پرسن چیف میڈیکل افیسر اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ نے یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور اعلیٰ حکام کے ساتھ مل کر یہ مہم چلائی۔گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو پہلی ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی بننے پر مبارکباد دی۔اس سلسلے میں گورنر پنجاب نے پنجاب کی تمام جامعات کو ہیپاٹائٹس فری جامعات بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ گورنر ہاؤ س کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں پنجاب کی تمام سرکاری و نجی جامعات کو احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عثمان چیمہ نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی ہدایت پر پنجاب کی تمام جامعات میں ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی طرز پر خصوصی مہم چلانے کی تجویز دی اور گورنرپنجاب کی ہدایت کی روشنی میں پنجاب کی تمام جامعات میں اس کا آغاز ہو گیا ہے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پنجاب کی پہلی یونیورسٹی ہے جسے ہیپاٹائٹس فری یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔
26