وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیم قومی ترقی کی بنیاد ہے ،حکومت ملک بھر میں معیاری اور یکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وہ جمعرات کو اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات (پوسٹ گریجویٹ) جی 10/4 میں منعقدہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔ وفاقی وزیر نے طالبات کو ان کی تعلیمی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں ان کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور ادارے کی انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور اس کی فراہمی بلا امتیاز یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کیلئے خواتین کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ناگزیر ہے کیونکہ تعلیم یافتہ خواتین ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت تعلیمی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کی تعلیم، ڈیجیٹل لرننگ اور اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں اعزازات اور اسناد تقسیم کی گئیں
حکومت ملک بھر میں معیاری اور یکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیر تعلیم
40