اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں شعبہ اسٹیٹ کیئر کی جانب سے موسم بہار کی مناسبت سےتمام کیمپسز میں خوش رنگ اور متنوع پھول خوبصورتی سے اُگائے گئے ہیں۔ وائس چانسلراسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے آج عباسیہ کیمپس کے مرکزی سبزازارمیں اُگائے گئے پھولوں کاجائزہ لیا اور شعبہ اسٹیٹ کیئر کے اسٹاف، مالیوں اور بیلداروں کی محنت کو سراہا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کی روایت رہی ہے کہ موسم بہار میں پھولوں کی نمائش کی جاتی ہے ۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اپنے قیام کے 100 برس مکمل کرچکی ہے اور اس موقع پر اگائے گئے پھول کیمپس کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہے ہیں۔


پرنسپل آفیسر اسٹیٹ کیئر ڈاکٹر عامر منظور نے بتایا کہ امسال موسم بہار کی پھولوں کی 15 اقسام اُگائی گئی ہیں یہ خوش رنگ پھول یونیورسٹی کیمپسز کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث ہیں۔ وائس چانسلر نے ہدایت کی کہ موسم بہار کی شجرکاری میں اساتذہ ، ملازمین اور طلباو طالبات کو زیادہ سے زیادہ شامل کیا جائے تاکہ موسمی تبدیلیوں کے حوالے سے شجرکاری کے ذریعے شعور بیدار ہو۔