74
یو ای ٹی لاہور لاہور کی سینڈیکیٹ کا 499واں اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ارکانِ سینڈیکیٹ، مختلف تدریسی اور انتظامی شعبہ جات کے سربراہان سمیت مجاہد پرویز چٹھہ اور مسز ساجدہ وندال ایمننٹ پرسن، ایم پی اے محمد حسن ریاض پی پی 136 اور محمد شعیب صدیقی پی پی 149, انجینئر محمد رضا چوہان اور مسز زاہدہ ایچ ای سی اور سیکرٹری فنانس گورنمنٹ آف پنجاب نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لیے 670 ارب روپے کے نظرثانی شدہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔ سینڈیکیٹ نے پی ایچ ڈی طلباء کے لیے فیسوں میں 25 فیصد کمی کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے فروغ کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
سینڈیکیٹ نے نئے سٹیچوز کی توثیق کی جبکہ پروفیسر آف پریکٹس کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ مزید برآن این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی فیصل آباد کے لیے بی ایس سی سائبر سیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا سائنس کے پروگرامز کے الحاق کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں ڈیوٹی سے غیر حاضر متعدد اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی اجازت دی گئی۔ وائس چانسلر کی جانب سے تعینات کردہ 18 شعبہ جاتی سربراہان کی تقرریوں کی بھی توثیق کر دی گئی۔
سینڈیکیٹ نے جامعہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ذیلی تجارتی ادارہ سازی (اسپن آف) اور تجارتی فروغ کی منظوری دی، جس سے تحقیق اور صنعت کے مابین روابط کو فروغ ملے گا۔ اسی طرح پہلی بار جامعہ کے نئے کاروباری منصوبوں کے لیے خصوصی معاونتی فنڈ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، جو طلبہ اور محققین کے اختراعی منصوبوں کی سرپرستی کرے گا۔