پنجاب یونیورسٹی میں نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے فیکلٹی اور نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے مینجمنٹ کی اختتامی تقریب کا انعقاد انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز میں مشترکہ طور پرہواجس میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی،منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی آف ہائیرایجوکیشن، اسلام آبادسے ڈاکٹر نور آمنہ ملک، ٹریننگ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سنیہ ملک، صدر اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر امجد مگسی، اساتذہ کرام و دیگرنے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے ان پروگراموں کو شرکاء کے لیے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور بروئے کار لانے کا موقع قرار دیا۔ انہوں نے مثبت سوچ اور مسلسل سیکھنے کے رجحان کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر فرد کو اپنی منفرد صلاحیتوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ تصوف کے ہمہ گیر اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے، جہاں مساوات اور باہمی احترام طبقاتی اور مسلکی تقسیم سے بالاتر ہوتے ہیں، انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بھی ان اقدار کو اپنائیں۔ انہوں نے پروگراموں کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر سنیہ ملک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر نور آمنہ ملک نے مینجمنٹ آفیسرز ٹریننگ پروگرام کے شرکاء کے ساتھ ایک تعاملی اور فکری طور پر متحرک سیشن منعقد کیا، جسے شرکاء نے نہایت متاثر کن اور حوصلہ افزا قرار دیا۔ انہوں نے دونوں پروگراموں کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو یونیورسٹی کے ویژن سے ہم آہنگ ہونے اور اپنے اپنے شعبہ جات میں پیشہ ورانہ ترقی کے سفیر کا کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شرکاء حاصل شدہ علم اور مہارتوں کو اپنے پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی تک منتقل کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں شرکاء کو بین الاقوامی تربیتی مواقع کے لیے بھی زیر غور لایا جائے گا، جبکہ اگلے مرحلے میں شعبہ جات کے سربراہان کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

انہوں نے اس اہم تعلیمی سفر کی تکمیل پر شرکاء کو مبارکباد دی۔ڈاکٹر امجد مگسی نے یونیورسٹی میں مثبت تبدیلی کو فروغ دینے میں شرکاء کے بامعنی کردار کو اجاگر کیا۔قبل ازیں ڈاکٹر سنیہ ملک نے دونوں پروگراموں کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے ان کے دائرہ کار، ماڈیولز اور نتائج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کی جانب سے 39 لاکھ روپے کی گرانٹ پر اظہار تشکر کیا جس کی بدولت یہ پروگرام کامیابی سے منعقد ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام ریسورس پرسنز نے شرکاء کی کارکردگی کو سراہا جو جامعہ پنجاب کے مضبوط انسانی سرمائے کی عکاسی کرتا ہے۔ شرکاء نے بھی اس موقع پر فراہم کیے گئے مواقع پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔تقریب میں ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ریحان شیخ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عقیل انعام، ڈائریکٹرآئی اے ایس ڈاکٹر کاشف راٹھور، ڈپٹی ڈائریکٹر این اے ایچ ای محمد منیب اور ریزیڈنٹ آڈیٹر رائے حسن رؤف نے بھی شرکت کی۔