اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبۂ اطلاقی نفسیات کے زیرِ اہتمام آئی یو بی مینٹل ہیلتھ پالیسی 2025 کے تحت ذہنی صحت پر ایک بین الاقوامی سمپوزیم اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جو یونیورسٹی کی پہلی ادارہ جاتی مینٹل ہیلتھ پالیسی کے نفاذ کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی۔ یہ سمپوزیم ہائبرڈ موڈ میں منعقد ہوا، جس

میں اساتذہ، طلباو طالبات اور ماہرینِ نفسیات نے بالمشافہ اور آن لائن شرکت کی۔ بین الاقوامی ماہر ڈاکٹر اقبال نعیم (مانچسٹر، برطانیہ) نے عالمی سطح پر ذہنی صحت کے مؤثر نظام اور شواہد پر مبنی طریقۂ کار پر روشنی ڈالی، جبکہ بشریٰ طیبہ، صدر ینگ سائیکالوجسٹس ایسوسی ایشن پاکستان، نے نوجوانوں کی ذہنی صحت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات پر گفتگو کی۔پالیسی سے متعلق رہنما سیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، چیئرمین شعبۂ اطلاقی نفسیات اور پالیسی لیڈ، آئی یو بی مینٹل ہیلتھ پالیسی 2025 نے پیش کیا، جس میں پالیسی کے عملی نفاذ، ایس او پیز اور ریفرل نظام کی وضاحت کی گئی۔ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے تمام شعبہ جاتی سربراہان نے خصوصی شرکت کی اور آئی یو بی مینٹل ہیلتھ پالیسی 2025 کو ایک بروقت، جامع اور قابلِ تقلید اقدام قرار دیتے ہوئے اسے بھرپور سراہا۔